Daily Roshni News

روزانہ چند انگور کھانے کا یہ فائدہ آپ کو ضرور پسند آئے گا

عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی کمزور ہونے کا امکان بڑھتا ہے، مگر روزانہ چند انگور کھانے سے اس مسئلے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ بات سنگاپور میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور کھانے کی عادت بینائی کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

اس تحقیق میں 34 بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ کو روزانہ ڈیڑھ کپ انگور کھلائے گئے جبکہ دیگر کو placebo کا استعمال کرایا گیا۔

16 ہفتوں تک یہ ٹرائل جاری رہا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ انگور کھانے والے افراد کی بینائی کو فائدہ ہوا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے آنکھوں کو نیلی روشنی سے پہنچنے والے نقصان سے بچنے میں مدد ملی۔

خیال رہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ تکسیدی تناؤ سے آنکھوں میں ایسے مضر مرکبات کی سطح بڑھ جاتی ہے جو بینائی کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ انگور کھانا انسانی بینائی پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج اس لیے حوصلہ افزا ہیں کیونکہ بوڑھے افراد کی تعداد میں اضافے سے آنکھوں کے امراض کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ 2 سے 3 انگور کھانے سے بھی بینائی کو طویل المعیاد بنیادوں پر ٹھیک رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگور آسانی سے دستیاب سستا پھل ہے اور بینائی کے ساتھ ساتھ جسم کے دیگر حصوں کو بھی اس سے فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل فوڈ اینڈ فنکشن میں شائع ہوئے۔

Loading