Daily Roshni News

نہاتے وقت کی جانیوالی وہ عام غلطی جو چہرے پر ایکنی کا سبب بنتی ہے

چہرے پر ایکنی، کیل مہاسے اور دھبوں کی بہت سی وجوہات ہیں جن میں بیکٹیریا، مردہ جلد کے خلیات اور چہرے پر آنے والا تیل عام ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر حفظانِ صحت کے اصولوں کا خیال نہ رکھا جائے تو بھی چہرے پر ایکنی ہوسکتی ہے۔

ایک حالیہ انکشاف میں، جلد کی ماہر بھارتی ڈاکٹر گیتیکا متل گپتا نے ایکنی اور دانت برش کرنے کی ہماری عادات کے درمیان غیر متوقع تعلق پر روشنی ڈالی ہے، اس کے علاوہ بھی ماضی میں اس حوالے سے کئی مطالعے کیے جاچکے ہیں۔

متعدد تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نہانے کے بعد یا نہاتے وقت دانت برش کرنے سے چہرے پر ایکنی ہوسکتی ہے۔

ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ڈاکٹر گیتیکا نے وضاحت کی کہ شاور لینے کے بعد اپنے دانتوں کو برش کرنا ممکنہ طور پر جلد کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر گپتا کے مطابق جب ہم اپنے دانتوں کو برش کرتے ہیں تو ہمارے منہ سے ہماری جلد میں بیکٹیریا منتقل ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے، یہ منتقلی، خاص طور پر منہ اور ٹھوڑی کے ارد گرد جلن کا سبب بن سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں مہاسے اور دانے ہوسکتے ہیں۔

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اس کے علاوہ امریکی ماہرین کا کہنا ہے نہاتے وقت یا اس کے بعد برش کرنے سے منہ اور باتھ روم کے بیکٹیریا کا چہرے پر پھیلنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے، بہت اچھا ہوگا کہ اگر دانت برش نہانے سے پہلے کیا جائے اور پھر نہایا جائے ، اس سے چہرے پر موجود بیکٹیریا کا خاتمہ ہوجائے گا۔

اس کے علاوہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی صحت کے لیے ضروری ہے کہ ہاتھوں کو دھو کر چہر پر لگایا جائے، بار بار چہرے کو چھونے سے گریز کریں، اس کے علاوہ ماؤتھ واش سے کلیاں کرکے منہ صاف کریں تاکہ بیکٹیریا ختم ہوجائیں۔

Loading