ایسوسی ایشن آف آئرش پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز کے زیر اہتمام آئرلینڈ کے شہر لمرک میں آفتاب اقبال کا پہلا اور تاریخ ساز خبر ہار سمندر پار شو، لمرک کے میئر جون مورن کی خصوصی شرکت ۔
لمرک آئرلینڈ (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔وسیم بٹ سے ) ایسوسی ایشن آف ائرش پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز کے زیر اہتمام پاکستان کے مشہور و معروف سینیئر صحافی ۔ دانشور ۔ معروف مزاحیہ اور تحقیقی معلوماتی پروگرام خبر ہار سمندر پار کے اینکر اور میزبان آفتاب اقبال کا آئرلینڈ کے شہر لمرک میں پہلا اور تاریخ ساز شو انعقاد پذیر ہوا جس میں مختلف شعبہ ہے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات جن میں ڈاکٹرز ۔وکلا ۔سٹوڈنٹس ۔کاروباری طبقہ ۔سیاسی سماجی تنظیمات کے قائدین و کارکنان اور پاکستانی کمیونٹی کے خواتین و حضرات اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ لمرک سٹی کے میئر جان مورن اور میڈیکل پروٹیکشن سوسائٹی کی ایم ایس اونا بکلی نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔
یاد رہے پچھلے چند روز میں آئرلینڈ میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے تھے جس میں مظاہرین نے بے شمار روڈز اور موٹروے کو بلاک کیا ہوا تھا ان تمام رکاوٹوں کے باوجود ڈبلن ۔ کارک ۔ گالوے ۔ پورٹ لیش ۔ لانگ فوڈ ۔ واٹر فوڈ اور دیگر کئی چھوٹے بڑے شہروں ایک جم غفیر اس پروگرام کے لیے امڈ آیا ۔
آفتاب اقبال اور خبر ہار سمندر پار کی ٹیم جن میں ببو رانا ۔ روبی انعم ۔وسیم پنوں . اظہر رنگیلا اور دیگر جب لمرک کے بڑے ہوٹل ریڈیسن بلیو ہوٹل پہنچے تو ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نعمان نبی اور ان کی ایگزیکٹو ٹیم نے پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے ۔
پروگرام کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا پروگرام کے آغاز میں ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نعمان نبی نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا تقریب اور ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنی کمیونٹی کو متحد رکھیں اور اپنی ثقافت کو فروغ دیں اور بالخصوص ہماری ایسوسی ایشن کا مقصد نئے آنے والے ڈاکٹرز کی جاب ۔ رہائش اور دیگر معلومات میں ان کی رہنمائی کرنا ہے ۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی لمرک سٹی کے میئر جان مورن ۔ میڈیکل پروٹیکشن سوسائٹی کی ایم ایس اونا بکلی ۔ ایڈیشنل نائب صدر ڈاکٹر جاوید سعید ۔ ڈاکٹر احتشام یوسف ۔ ڈاکٹر عثمان حیدر لیل ۔ ڈاکٹر انعم ۔ڈاکٹر عزہ ۔ فیصل مرزا اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف ثقافتوں کو قریب لانے کا ذریعہ ہے بلکہ کمیونٹی کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں جان مورن نے کہا ہم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراتے ہیں آئرلینڈ میں پاکستانی ڈاکٹرز اور سرجنز صحت کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم پل کی خدمت حیثیت رکھتے ہیں ۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں خبرہار سمندر پار کی ٹیم نے ایک شاندار کامیڈی ڈرامہ پیش کیا جس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا ڈرامے کے دوران ہال قہقہوں اور تالیوں سے گونج اٹھا اور شرکاء نے فنکاروں کی کارکردگی کو بھرپور سراہا ۔
پروگرام کے تیسرے اور آخری حصہ میں معروف صحافی ۔اینکر ۔ دانشور آفتاب اقبال نے حاضرین کی دلچسپی کے لیے سوال و جواب کی ایک نشست کا انعقاد کیا جہاں شرکاء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔اس کے علاوہ انتاکشری کے دلچسپ مقابلے نے حاضرین کی خاص توجہ حاصل کی انتاکشری کے مقابلے میں دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ایک ٹیم ببو رانا اور دوسری ٹیم روبی انعم پر مشتمل تھی دونوں ٹیموں کے درمیان دوستانہ لیکن پرجوش مقابلہ دیکھنے میں آیا شرکاء نے نہ صرف بہترین گلوکاری پیش کی بلکہ ایک دوسرے کو مشکل حروف دے کر مقابلوں کو مزید سنسنی خیز بنا دیا جس سے پورا ہال قہقہوں اور تالیوں سے گونجتا رہا ۔
آخر میں کمیونٹی میں نمایاں خدمات پیش کرنے والی اہم شخصیات میں ایوارڈ بھی تقسیم کیے گئے اور حاضرین کی تواضع بہترین روایتی پاکستانی لذیذ کھانوں سے کی گئی ۔
اس پروگرام کے انتظام و انصرام جن شخصیات نے معاونت کی ان میں ڈاکٹر احتشام یوسف ۔ ڈاکٹر عثمان حیدر لیل ۔ ڈاکٹر جاوید سعید ۔ ڈاکٹر فرقان ۔ ڈاکٹر فرخندہ ۔ ڈاکٹر انعم ۔ ڈاکٹر فاطمہ ۔ ڈاکٹر عزہ اور دیگر شامل تھے ۔
![]()



























