Daily Roshni News

صبح اٹھنے کے بعد چائے پینے کا حیرت انگیز فائدہ دریافت

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کروڑوں افراد چائے یا کافی پینا پسند کرتے ہیں۔

چائے اور کافی دونوں کو صحت کے لیے مفید مانا جاتا ہے اور طبی سائنس نے بھی کچھ طبی فوائد کی تصدیق کی ہے۔

مثال کے طور پر چائے پینے سے موٹاپے، ذیابیطس اور امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔

اکثر نہار منہ یا خالی پیٹ چائے یا کافی پینے کی عادت کو صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے۔

مگر اب ایک نئی تحقیق میں اس کا ایک بہترین فائدہ بتایا گیا ہے۔

جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں بتایا گیا کہ جو افراد صبح کے وقت کیفین والے کسی مشروب جیسے چائے یا کافی کو پینا پسند کرتے ہیں، ان کا مزاج خوشگوار رہتا ہے۔

اس تحقیق میں 236 جوان افراد کو شامل کرکے ان پر 4 ہفتوں تک تجربات کیے گئے۔

پہلے ان افراد سے روزانہ 7 بار اسمارٹ فونز پر مختصر سوالنامے بھروا کر مزاج کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں اور یہ بھی معلوم کیا گیا کہ چائے یا کافی کو پینے کے بعد انہیں کیا محسوس ہوا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کافی یا چائے کے استعمال سے کسی قسم کے منفی اثرات جیسے ڈپریشن کی علامات، انزائٹی یا نیند کے مسائل کا سامنا نہیں ہوتا بلکہ تمام افراد کے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوئے۔

محققین کو توقع تھی کہ انزائٹی کے شکار افراد کی جانب سے مزاج میں منفی تبدیلیوں کو رپورٹ کیا جائے گا، مگر ایسا دیکھنے میں نہیں آیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے دریافت کیا کہ صبح کے وقت کافی یا چائے کے استعمال سے لوگوں کی منفی علامات حیران کن طور پر غائب ہوگئیں مگر یہ واضح نہیں کہ ایسا کیوں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ کافی یا چائے پینے کے بعد لوگوں میں خوشی کا احساس نمایاں حد تک بڑھ گیا اور وہ زیادہ پرجوش ہوگئے۔

محققین نے کہا کہ اس حوالے سے احتیاط کی بھی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ کیفین کی زیادہ مقدار کے استعمال سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ رات کو نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔

Loading