Daily Roshni News

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر استنبول میں پاکستانی قونصل خانہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر استنبول میں پاکستانی قونصل خانہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب، پاکستانیوں کی ملی جوش و جذبے کے ساتھ بھرپور شرکت*

استنبول، ترکیے(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ  خصوصی، سید رضوان حیدر بخاری)پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر قونصل خانہ پاکستان استنبول میں ایک باوقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں قونصل جنرل پاکستان خواجہ خرم نعیم، ترک حکام اور کاروباری شخصیات سمیت استنبول میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قران مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرانے سے ہوا، جس کے بعد صدرِ پاکستان اور وزیرِ اعظم پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

پھر اس خاص دن پر سب نے مل کر پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

اس موقع پر قونصل جنرل خواجہ خرم نعیم صاحب نے اپنے خطاب میں تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیان پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان عظیم سپوتوں کو سلام پیش کیا جو آج بھی مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی ترقی اور معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب میں شریک ترک مہمانوں نے بھی اس خاص دن پر پاکستان اور پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پر محیط اس دوستی کے تاقیامت قائم رہنے کی دعا بھی کی۔۔

پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کے باعث ترکیے میں یوم آزادی کی خوشیاں دو گنا منائی گئیں۔۔

اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ قونصل خانہ کی جانب سے بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے 150 ویں سال کے حوالے سے بابائے قوم کی زندگی پر مبنی ایک خوبصورت تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو دکھایا گیا تھا۔۔ حاضرین نے اس نمائش کو بھی خوب سراہا اور قونصل خانہ کے اس اقدام کی تعریف کی۔۔

تقریب کے اختتام پر پاکستانی دیسی سموسوں، دہی بھلوں، مٹھائی اور چائے سے مہمانوں کی تواضع بھی کی گئی۔۔

Loading