*امام سجاد اسلامک سینٹر میں عیدِ غدیر کے موقع پر شاندار جشن کا انعقاد*
آسٹریا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ ۔۔۔۔ محمد عامر صدیق ویانا آسٹریا) امام سجاد اسلامک سینٹر ویانا میں ایک پُروقار اور روحانی جشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ویانا اور گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے مومنین و مومنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مختلف ذاکرین اور شعرائے اہلِ بیتؑ نے اپنے دلنشین اشعار، مناقب اور نذرانۂ عقیدت پیش کیے۔ حاضرین نے بارگاہِ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام میں عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے جشنِ ولایت کی مناسبت سے خصوصی مسرت کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید فرحان علی نقوی نے کہا کہ عیدِ غدیر صرف مکتبِ تشیع کا نہیں بلکہ پورے عالمِ اسلام کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع سے واپسی پر غدیرِ خم کے مقام پر ایک عظیم اجتماع منعقد فرمایا، جہاں ایک لاکھ سے زائد صحابۂ کرام موجود تھے، اور اسی موقع پر حضرت علی علیہ السلام کی ولایت و امامت کا اعلان فرمایا۔
مولانا نقوی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حج ایسا عظیم اجتماع ہے جہاں دنیا بھر سے مختلف رنگ، نسل، زبان، فکر سے تعلق رکھنے والے مسلمان جمع ہوتے ہیں۔ ایسے عالمی اجتماع میں اعلانِ ولایتِ علیؑ اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی ولایت کا تعلق کسی ایک مخصوص گروہ یا مکتب سے نہیں بلکہ تمام امتِ مسلمہ سے ہے۔
انہوں نے حدیثِ غدیر «مَنْ كُنْتُ مَوْلَاهُ فَهٰذَا عَلِيٌّ مَوْلَاهُ» کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس حدیث میں لفظ “مولا” سے مراد صرف دوست یا محبوب نہیں، بلکہ سرپرست، صاحبِ اختیار اور رہبر ہے۔ جس معنی میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری امت کے مولا اور صاحبِ اختیار ہیں، اسی معنی میں حضرت علی علیہ السلام بھی امتِ مسلمہ کے مولا اور رہبر ہیں۔ اگر رسول اکرمؐ تمام عالمِ اسلام کے مولا ہیں تو حضرت علی علیہ السلام بھی تمام عالمِ اسلام کے مولا ہیں۔
تقریب کے اختتام پر تمام عالمِ اسلام ،بلخصوص پاکستان اور مومنین و مومنات کے لیے دعا کرائی گئی اور جشن کے آخر پر تبرک بھی تقسیم کیا گیا۔

![]()

