Daily Roshni News

ایشیا کپ میں برونز میڈل ونر پاکستان انڈر-18 ہاکی ٹیم کل وطن واپس پہنچے گی

ایشیا کپ میں برونز میڈل ونر پاکستان انڈر-18 ہاکی ٹیم کل وطن واپس پہنچے گی

پاکستان (  ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل ۔۔۔۔۔  خصوصی مندوب  ۔۔۔۔۔  طاہر لطیف  )جاپان میں ایشیا کپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان انڈر-18 ہاکی ٹیم کل (پیر) صبح ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے گی۔ قومی ٹیم کی کراچی آمد صبح تقریباً پونے گیارہ بجے متوقع ہے۔

وطن واپسی  سے قبل  پاکستان انڈر-18 ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ قمر ابراہیم نے ٹیم کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے وہ قوم، شائقینِ ہاکی اور ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی ،ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اصلاح الدین اور حسن سردار سمیت تمام کو مبارکباد دینا چاہتے ہیں کیونکہ ٹیم نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر بہترین کھیل پیش کیا۔

قمر ابراہیم نے کہا کہ ٹیم کو ایشیا کپ سے قبل صرف 22 روزہ تربیتی کیمپ میسر آیا تھا، تاہم اس مختصر مدت میں کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کا ایک بڑا مسئلہ ماضی میں فیلڈ گولز کا نہ ہونا تھا، لیکن اس ٹورنامنٹ میں ٹیم نے فیلڈ گولز سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری دکھائی، جو کھلاڑیوں کی محنت اور اللہ تعالیٰ کے فضل کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ انڈر-18 اسکواڈ پاکستان ہاکی کا مستقبل ہے اور ان نوجوان کھلاڑیوں کو فوری طور پر سینئر سطح پر منتقل کرنے کے بجائے مزید تجربہ اور مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ وہ مکمل طور پر پختہ کھلاڑی بن سکیں۔

ہیڈ کوچ کے مطابق اسکواڈ میں شامل 12 کھلاڑی ایسے تھے جو پہلی مرتبہ پاکستان سے باہر کسی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کیا، تاہم بھارت کے خلاف سیمی فائنل کے آخری نو منٹوں میں دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جس نے میچ کا رخ تبدیل کر دیا۔ ان کے مطابق بین الاقوامی سطح پر اس قسم کے دباؤ کا سامنا نوجوان کھلاڑیوں کی سیکھنے اور آگے بڑھنے کے عمل کا حصہ ہوتا ہے۔

قمر ابراہیم نے مزید کہا کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی انتہائی حوصلہ افزا رہی اور کھلاڑیوں کی محنت، جذبے اور کمٹمنٹ نے مثبت نتائج دیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے کئی تکنیکی اور کھیل سے متعلق پہلوؤں کی نشاندہی بھی کی ہے جن پر آئندہ تربیتی کیمپوں میں خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید مضبوط اور متوازن ٹیم تیار کی جا سکے۔

واضح رہے کہ جاپان میں منعقدہ انڈر-18 ایشیا کپ 2026 میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برونز میڈل حاصل کیا اور ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

Loading