حج2026
تحریر ….. محمد جاوید عظیمی
دنیا بھر میں مہنگائی کی لہر اور عازمین حج
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوزانٹرنیشنل ۔۔۔حج2026 ۔۔۔ تحریر محمد جاوید عظیمی ) اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ دین، دین اسلام میں کچھ احکامات اور فرائض ایسے ہیں، جن میں مسلمان کے لئے سہولتیں اور رعایتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ان کا تذکرہ رب کائنات نے اپنی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید میں بڑی صراحت سے فرمایا ہے۔ اللہ تعالٰی نے احکامات پر عمل پیرا ہونے کے لئے مسلمانوں کے لئے سہولت کے دروازے کھول رکھے ہیں۔ قرآن چونکہ عربی زبان میں ہے مگر مسلمانوں کی کثیر تعداد عربی زبان سے نابلد ہے اور چنانچہ مقدس کتاب کے اصل مفہوم کو سمجھنے سےقاصر ہیں ۔ رسول محتشم ﷺنے قرآنی آیات بلخصوص جن میں اہم احکامات موجود ہیں انہیں بڑے آسان لفظوں میں بیان فرمایا ہے ۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ ان پر غور و فکر کر کے اصل مفہوم سے آگاہی حاصل کریں تاکہ اللہ تعالٰی کے احکامات اور نبی رحمتﷺ کے ارشادات پر عمل پیرا ہونے میں دشواری محسوس نہ کریں۔ دین اسلام میں حج کا فریضہ بندے کی مالی حیثیت سے مشروط کر دیا گیا ہے ۔ دنیا بھر میں اس وقت مہنگائی کا طوفان برپاہے۔ انسانوں کو روز مرہ زندگی میں استعمال کی جانےوالی ضروری اشیاء کا حصول دشوارہوتا چلا جا رہا ہے۔بین السطور میں اللہ تعالٰی کے احکامات اور بلخصوص حج کے فریضے پر غور کریں تو جو شرط رکھی گئی ہے وہ ہر دورکے تقاضوں پر پورا اتر رہی ہے۔ حکمت الہی یہی ہے کہ حج کا فریضہ وہی بندہ ادا کرے جو صاحب حیثیت یا صاحب ثروت ہے ۔ رب کائنات نے اپنےدیگر احکامات میں بھی بندوں کو بہت سی سہولتیں کر رکھی ہیں، ہمیں ان سے استعفادہ کرنے کے لئے قرآن فہمی کی جانب رجوع کرنا ہو گا تاکہ ہم آسانی اور سہولت کے ساتھ ان پر عمل پیرا ہو سکیں۔ اگر ہم حج 2026 کی ادائیگی کے لئے روانہ ہونے والے عازمین حج کی تعداد کو دیکھیں تو مہنگائی کے باعث یہ تعداد کم نظر آرہی ہے – اگر ہم ہالینڈ بھر سے جانے والے عازمین حج کی کل تعداد کا جائزہ لیں تو گذشتہ سالوں سے بہت کم دکھائی دیتی ہے.کیونکہ حج کے اخراجات میں بھی بے انتہا اضافہ ہوا ہے جو دسترس سے باہر ہو گیاہے اگر ہم 2026 میں حج کے اخراجات کا جائزہ لیں تو ہالینڈ سے عازمین حج دس ہزار یورو فی کس ادا کر رہے ہیں جو ایک خطیر رقم ہے۔ سعودی حکومت سے التماس کی جاتی ہے کہ حج کے سلسلے میں حج اخراجات میں کمی کے لئے نظر ثانی کرے تاکہ عازمین حج بغیر کسی دشواری کے متذکرہ فریضہ ادا کر سکیں۔
![]()

