Daily Roshni News

زیارت میں پولیس چوکی پر حملہ، 9 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 15 دہشتگرد جہنم واصل

ایس پی زیارت نے بتایا کہ زیارت کے علاقے کچ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا، دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، شہداء میں دو ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان شامل ہیں، گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔

ایس پی زیارت نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئیں، واقعہ کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔

معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند کا کہنا تھا کہ ضلع زیارت کے علاقے منگی میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا مشترکہ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، 15 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے ہیں۔

شاہد رند کے مطابق آپریشن میں ایف سی، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو اور اے ٹی ایف نے حصہ لیا، ڈی ایس پی غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار دشوار گزار پہاڑی راستوں سے بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے، جبکہ کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی، ریاست پوری قوت سے دہشت گردوں کو جواب دے رہی ہے، دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔

 شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں، ہر حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زیارت میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس چوکی پر دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حملے میں شہید ہونے والے ایس ایچ اوز سمیت پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا، شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔

کلیئرنس آپریشن میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی میں 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر وزیر اعظم نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے حملے نے ایک مرتبہ پھر سے ثابت کر دیا کہ یہ لوگ بلوچستان کی ترقی و امن اور عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں، شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، ان کے خون کا حساب لیا جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی کو بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے، امن دشمن دہشت گردوں کے سدباب تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیارت کے علاقے میں 15 بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس کی ستائش کی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی جانیں قربان کر کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم اور فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کی امن سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ درحقیقت پاکستان کی بقا، امن اور استحکام کی جنگ ہے، جس میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Loading