*شباب کی باتیں۔۔۔لٹکے ہوئے ہیں وعدہء فردا کی دار پر۔۔۔ تحریر۔۔۔مشتاق شباب

*شباب کی باتیں*

لٹکے ہوئے ہیں وعدہء فردا کی دار پر

تحریر۔۔۔مشتاق شباب

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔*شباب کی باتیں۔۔۔لٹکے ہوئے ہیں وعدہء فردا کی دار پر۔۔۔ تحریر۔۔۔مشتاق شباب)غالب خستہ کے بغیر کون سے کام بند ہیں؟ اس لیے یہ توقع رکھنا کہ ہم اتنے دن جو غیر حاضر رہے ہمارا کوئی کالم نہیں آرہا،  تو کسی کے کان پر کوئی جوں رینگی ہوگی،  ما سوائے ایک دو کرم فرماؤں  کے،  جنہوں نے ہم سے اس حوالے سے استفسار کیا، کہ جناب کہاں ہوتے ہیں، خیریت ہے؟  تو ہمیں بتاتے ہی بنی کہ کچھ موسم کی تبدیلی کے اثرات تھے اور کچھ بعض لوگوں کا نامناسب رویہ جس کی وجہ سے کالم لکھنے میں دقت پیش آرہی تھی، بہرحال ہم شکر گزار ہیں ان مہربانوں کے جنہیں ہماری فکر بھی پڑی رہی، اب آتے ہیں کچھ تازہ سیاسی سماجی اور  معاشرتی صورتحال کی جانب کہ اس دوران میں زندگی کے تمام شعبوں کے حالات میں بہت بدلاؤ آچکا ہے، سو ہم کوشش کریں گے کہ سوچ کے دھارے جن جن سمتوں میں جا سکتے ہیں ان پر کچھ نہ کچھ گفتگو ضرور کی جائے، مثلا” عالمی سطح پر کچھ تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں جن پر بعض نا بغہء روزگار قسم کے "دانشور”  جس قسم کے تبصرے فرما رہے ہیں انہیں دیکھ کر مسکرائے بنا نہیں رہا جا سکتا۔  مثلا ایک جانب امریکہ میں حالیہ انتخابات کے دوران صدر ٹرمپ کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری جانب ہمارے ہاں سیاسی حلقوں میں اس پر کچھ یوں خوشی کا اظہار کیا گیا گویا صدر ٹرمپ کا تختہ الٹ گیا ہے اور اس کے مثبت نتائج سے دنیا جنت بن جائے گی۔  حالانکہ یہ لوگ نہیں جانتے کہ ایک تو سینٹ کے انتخابات میں بے شک شکست سے ٹرمپ کی گرفت اقتدار پر کمزور ہوئی ہے،  تاہم امریکی آئین کے مطابق صدر ٹرمپ کو اپنی مدت  پوری کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔  دوسرا یہ کہ امریکہ میں کوئی بھی اقتدار میں ہو اس کے پیش نظر امریکی قومی مفادات پہلے نمبر پر ہوتے ہیں۔ اور وہ بے شک کسی بھی جماعت کے ساتھ تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ ہوں یا ارکان کانگرس،  وہ امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے برسر اقتدار حکومت کا ساتھ دینے کو ترجیح دیتے ہیں،  یہ سارے اراکین پارلیمنٹ اس وقت حکومت کے خلاف ووٹ دیتے ہیں جب ملک کے عوامی مفادات کسی قانونی بل کے حوالے سے آئین کے ساتھ متصادم ہوں،  تب وہ حکومت کی پرواہ کیئے بغیر عوام کے مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔  اس لیے بعض اوقات وہ پارٹی مفادات کو بھی نظر انداز کر دیتے ہیں۔ جبکہ عالمی سطح پر ان کے پیش نظر صرف اور صرف امریکی مفادات ہی رہتے ہیں۔ اس صورتحال کا نظارہ دنیا نے ہر اس موقع پر کیا جب ارکان پارلیمنٹ میں سے اکثر نے دوسرے ممالک کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی پرواہ کیے بغیر ان تعلقات کو بھی داؤ پر لگا دیا، جیسا کہ ایک نو منتخب مسلمان رکن نے کچھ ممالک کے خلاف فنڈز کی بندش پر زور دیا ۔

*میں تو سمجھ رہا تھا کہ مجھ پر ہے مہرباں*

*دیوار کی یہ چھاؤں تو سورج کے ساتھ تھی*

مسلمان خصوصاً پاکستانی بڑے ہی سادے مرادے لوگ ہیں،  حالیہ اسرائیلی انتخابات میں نتن یاہو کی شکست پر ایسے بغلیں بجا رہے ہیں جیسے وہاں فلسطینیوں کی حکومت قائم ہو گئی ہو۔  حالانکہ اگر نتن یاہو انتخابات میں شکست کھا بھی گیا ہے تو جیتنے والا بھی یہودی ہی ہے،  جس سے کسی خیر کی توقع رکھنا اتنی ہی فضول بات ہے جتنی نتن یاہو سے کسی خیر کی توقع رہتی تھی۔  بلکہ اس حوالے سے اگر وہ لطیفہ ذہن میں تازہ کیا جائے،  جب کسی نے اونٹ سے یہ سوال کیا تھا کہ اسے پہاڑ پر چڑھنے میں زیادہ دقت ہوتی ہے یا نیچے اترنے میں؟  اور اونٹ نے بیزار ہو کر جواب دیا تھا کہ "ہر دو لعنت” تو شاید غلط نہ ہوگا۔ ارے بھائی کسی بھی یہودی سے یہ توقع رکھنا کہ وہ دوسرے کے مقابلے میں مسلمانوں کے ساتھ زیادہ مہربانی سے پیش آئے گا،  محض خوش فہمی کے سوا کیا ہو سکتا ہے ۔

*فراز ظلم ہے اتنی خود اعتمادی بھی*

*کہ رات بھی تھی اندھیری چراغ بھی نہ لیا*

گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے فرمایا ہے کہ سردیوں میں گیس لوڈ شیڈنگ نامنظور!  اس پر اگر ایک مشہور پاکستانی فلم کا وہ ڈائیلاگ یاد کیا جائے کہ "نواں آیا ایں سوہنیا”  تو کیا برا ہے۔ ہمیں یاد ہے کہ چند سال پہلے سوئی گیس والوں نے اس دور کے گورنر کو یہ کہہ کر ٹرک کی لال بتی کے پیچھے دوڑا دیا تھا جب انہوں نے بھی گیس لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے عوامی مطالبے پر  حکام کی میٹنگ بلوائی تب  انہیں بتایا گیا کہ پشاور میں بڑے قطر کے گیس پائپ لائن کی تنصیب پر کام جاری ہے اور یہ کام تین ماہ کے اندر اندر تکمیل تک پہنچ جائے گا۔  اس کے بعد عوام کے سارے دلدر دور ہو جائیں گے۔  اور اس بڑے قطر کے پائپ لائن میں گیس اتنی زیادہ مقدار اور تیزی سے عوام کے گھروں میں پہنچنا شروع ہو جائے گی گویا یہ گیس نہیں فرہاد کی جانب سے شیریں  کے مطالبے پر دودھ کی نہریں ہوں گی۔ جو بہتی رہیں گی۔  مگر وہ سارا ڈرامہ تو صرف اور صرف عوامی فنڈز کا مبینہ طور پر "کریا کرم”  کرنے کے لیئے تھا۔ جس پر مرحوم دوست مقبول عامر کا یہ شعر پوری طرح منطبق ہوتا دکھائی دیا تھا کہ

*پھر وہی ہم ہیں وہی تیشہء رسوائی ہے*

*دودھ کی نہر تو پرویز کے کام آئی ہے*

وہ پائپ لائن تبدیل بھی ضرور ہوئی ہوگی،  کیونکہ اس وقت کھدائی سے سارے شہر کو ادھیڑ کر رکھ دیا گیا تھا۔  مگر وہ گیس نہ پہلے عوام کو فائدہ پہنچا سکی نہ  اس کے بعد،  یعنی اگر گیس کی مقدار بڑھی بھی تو راستے میں نانبائیوں،  ڈھابے والوں، دودھ فروشوں، اور دیگر مختلف دکانداروں اور ہوٹل والوں نے بڑے بڑے کمپریسر لگا کر "پرویز”  بننے کی کوشش کی۔  رہ گئے گھریلو صارفین تو اس وقت بھی صورتحال یہ ہے کہ فجر کی نماز کے لیے پانی گرم کرنے کی سہولت تک عوام کو حاصل نہیں۔  یعنی جو اوقات مقرر کیے گئے ہیں وہ نماز فجر کے بعد کے ہیں اور لوگ ٹھنڈے پانی سے وضو بنا کر نماز پڑھنے کے بعد کیا حکام کو دعائیں دینے پر آمادہ ہو سکتے ہیں؟  حالانکہ پاکستان کے آئین کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کو ترجیحی بنیادوں پر قدرتی گیس ملنا لازمی ہے۔  مگر ایک عرصے سے اس کے بالکل برعکس ہو رہا ہے اور لکی مروت سے لیکر کوہاٹ تک جو گیس نکالی جا رہی ہے وہ صوبے کو فراہم کرنے کی بجائے دوسرے صوبوں کو نہال کر رہی ہے۔  اس سلسلے میں ایم ایم اے کے بعد اے این پی اور ازاں بعد آج تک جتنی بھی منتخب یا نگران  حکومتیں صوبے میں برسر اقتدار آئیں،  کسی میں بھی اتنی سکت نہیں تھی کہ وہ صوبے کو اس کے آئینی حق کے مطابق قدرتی گیس دلوانے میں کامیاب ہوتی۔  تو اس لیے ہم نے گزارش کی کہ نواں  آیا ایں سوہنیا۔ چلیں آپ بھی اپنی گورنری کی طاقت آزما لیں،  ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں اور ہم یہ کہتے ہیں کہ اللہ کرے کامیابی آپ کے قدم چومے۔

*لٹکے ہوئے ہیں وعدہء فردا کی دار پر*

*اب تک کسی نے آکے اتارا نہیں ہمیں*