فرینکفرٹ: صحافیوں کی عزت، تحفظ اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پاکستان جرمن پریس کلب کا اجلاس۔
جرمنی (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی۔۔۔ رانا رضوان خاں )پاکستان جرمن پریس کلب فرینکفرٹ کا سالانہ اجلاس صدر رضوان شاہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں سینئر نائب صدر نذر حسین سمیت فرینکفرٹ اور گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔
صدر رضوان شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان جرمن پریس کلب اپنے ہر رکن کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ صحافیوں کی عزتِ نفس، تحفظ اور پیشہ ورانہ وقار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔پریس کلب صحافیوں کے حقوق، تحفظ اور پیشہ ورانہ آزادی کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔
سید رضوان شاہ نے مزید کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم ستون ہیں، جو اپنی محنت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ذریعے کمیونٹی کی آواز دنیا تک پہنچاتے ہیں۔ تمام کمیونٹی تنظیموں اور ایونٹ آرگنائزرز کو چاہیے کہ وہ صحافیوں کے ساتھ باہمی احترام اور تعاون کو فروغ دیں تاکہ مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
اجلاس میں شریک صحافیوں میں سینئر نائب صدر نذر حسین، راجہ اظہر کیانی، زاہد چودھری، آزاد حسین، محمد مبین خان، رانا رضوان خان، صداقت شیخانہ، ذیشان احمد، سید شیراز گیلانی اور راجہ ناصر امیر شامل تھے۔