Daily Roshni News

ممتاز شاعرہ اور معتبر شخصیت محترمہ ڈاکٹر شہناز مزمل ، قضائے الہی سے انتقال کر گئیں۔

ممتاز شاعرہ اور معتبر شخصیت محترمہ ڈاکٹر شہناز مزمل ، قضائے الہی سے انتقال کر گئیں۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )پچاس سے زائد کتابوں کی تخلیق کار، ممتاز شاعرہ، ادیبہ اور تحقیق و تدوین کے شعبے سے منسلک معتبر شخصیت محترمہ ڈاکٹر شہناز مزمل آج (14 جولائی 2026) اسلام آباد میں رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں۔

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

ڈاکٹر شہناز مزمل صاحبہ جہاں غزل گوئی، نثر نگاری، تحقیق و تنقید، کہانی و افسانہ نویسی، کالم و سفر نامہ نگاری اور ادب اطفال سمیت متعدد ادبی اصناف کے حوالے سے اپنی شناخت رکھتی تھیں وہیں اُن کی پہچان کا ایک بڑا اور بھرپور حوالہ اُن کی تقدیسی شاعری بھی ہے۔

10 کے قریب نعتیہ مجموعے، قرآن کریم کے مفہوم کا منظوم ترجمہ اور اِس کے علاوہ 2020 میں منظرِ عام پر آنے والی(اُس وقت تک شائع شدہ) اُن کے 6 مجموعوں پر مشتمل دنیائے نعت میں کسی بھی خاتون کی پہلی کُلیاتِ حمد و نعت ”انتہائے عشق“۔۔۔۔۔۔

یہ سب یقیناً اُن کی مدحتِ مصطفےٰﷺ سے گہری قلبی وابستگی کا مظہر ہے۔ ایسی وابستگی جو اُن کے نام اور مقام کو اس دنیا میں تو زندہ رکھے گی ہی مگر اس کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی اُن کے لئے ایک نورانی حوالے کا کام دے گی ۔

ڈاکٹر شہناز مزمل صاحبہ کو شاید کسی ادبی محفل میں سُنا لیکن اب ٹھیک سے یاد نہیں مگر اُن سے دو تین مرتبہ کال پر بات ہوئی تھی، نہایت عمدہ گفتار کی مالک اور شفقتوں سے نوازنے والی شخصیت تھیں۔ اپنی شفقتوں کا عملی اظہار اُنہوں نے 5 دسمبر 2024 کو یوں فرمایا کہ جب وہ لاہور کو مکمل طور پر الوداع کہہ کر جا رہی تھیں تو تب اُنہوں نے اپنے ذاتی کتب خانے میں موجود 100 کے قریب نعتیہ کتابیں ہماری ”نعت لائبریری شاہدرہ“ کے لئے بھجوائیں جو اُن کی طرف سے لائبریری کو ملنے والا ایک قیمتی، نایاب اور مفید ہدیہ تھا۔ اُن کتابوں کی نعت لائبریری شاہدرہ میں موجودگی ڈاکٹر صاحبہ کی شفقتوں اور نعت دوستی کی ہمیشہ یاد دلاتی رہے گی۔

اللہ کریم مدحتِ سرکارِ عوالمﷺ کے وسیلہء جلیلہ سے محترمہ ڈاکٹر شہناز مزمل صاحبہ کی عالمِ برزخ کی تمام منازل آسان کرے اور اُنہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ درجات نصیب فرمائے (آمین بجاہِ سید المرسلینﷺ)

پچاس سے زائد کتابوں کی تخلیق کار، ممتاز شاعرہ، ادیبہ اور تحقیق و تدوین کے شعبے سے منسلک معتبر شخصیت محترمہ ڈاکٹر شہناز مزمل آج (14 جولائی 2026) اسلام آباد میں رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں۔

Loading