Daily Roshni News

نیپال میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 469 ہوگئی، جھیل سے ایک بار پھر پانی چھلکنا شروع

نیپال میں بدھ کو آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں جمعہ کو بھی جاری ہیں ۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 469 تک پہنچ گئی ہے جبکہ نیپال اور پڑوسی علاقے تبت میں تقریباً ایک ہزار افراد تاحال لاپتا ہیں۔

ہمالیہ کے پہاڑی علاقے میں گلیشیئر کے ٹوٹنے کے بعد بڑی مقدار میں پانی، برف، چٹانیں، کیچڑ اور ملبہ دریاؤں میں آیا، جس نے راستے میں آنے والے کئی دیہات اور وادیاں تباہ کردیں۔ سیلاب سے بجلی گھر، سڑکیں اور پل بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں بھاری مشینری کے ذریعے کیچڑ اور ملبہ ہٹا کر ممکنہ زندہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے دور دراز علاقوں میں پھنسے لوگوں تک امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے بھی لاشیں تلاش کی ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق تبت میں سیلاب کا باعث بننے والی جھیل سے ایک بار پھر پانی چھلکنا شروع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے تبت اور نیپال میں امدادی کارروائیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔ دوسری جانب دنیا بھر سے امدادی ٹیمیں نیپال پہنچ رہی ہیں۔ چین نے بھی ریسکیو ماہرین پر مشتمل دستہ نیپال روانہ کردیا۔

Loading