-
شینزین: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن آئندہ ہفتے چین کے شہر شینزین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) سمٹ کے موقع پر ملاقات کریں گے۔
تینوں عالمی طاقتوں کے سربراہان کا یہ غیر معمولی اجتماع دنیا کی بڑی جوہری طاقتوں کے درمیان تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو تینوں رہنماؤں کی مجوزہ سہ فریقی ملاقات کی تصدیق کر دی، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اجلاس سے کسی بڑے معاہدے یا اہم پیش رفت کی توقع کم ہے اور یہ ملاقات عملی نتائج کے بجائے علامتی اہمیت کی حامل ہوسکتی ہے۔
تینوں رہنماؤں کی ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکا، چین اور روس کے درمیان تعلقات مختلف معاملات پر کشیدگی کا شکار ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال مختصر تجارتی جنگ کے بعد چین کے ساتھ جنگ بندی کی تھی اور اختلافات کے باوجود چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھی ہے۔
دوسری جانب ٹرمپ روسی صدر پیوٹن کے ساتھ بھی تعلقات میں بہتری کے خواہاں ہیں، جبکہ روس یوکرین کے ساتھ تقریباً پانچ سال سے جاری جنگ میں اپنے مؤقف پر قائم ہے اور ایران کے ساتھ فوجی، انٹیلی جنس اور سفارتی تعاون بھی بڑھا رہا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق مجوزہ ملاقات میں ایران کے ساتھ جاری امریکی جنگ اور تینوں ممالک کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاملات پر بات چیت کا موقع ملے گا۔
امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ ایران جنگ کے معاملے پر شی جن پنگ اور پیوٹن سے گفتگو کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم یوکرین جنگ پر بات چیت ان کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگی۔
ادھر امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تحدید کا آخری معاہدہ نیو اسٹارٹ رواں سال فروری میں ختم ہوچکا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے جوہری ہتھیاروں پر عائد نصف صدی سے زائد عرصے کی پابندیوں اور حدود کا سلسلہ ختم ہوگیا۔
معاہدے کی مدت ختم ہونے سے قبل ٹرمپ نے روس کی جانب سے اسے مزید ایک سال کیلئے توسیع دینے کی تجویز مسترد کر دی تھی اور چین کی شمولیت کے ساتھ ایک نئے، بہتر اور جدید جوہری معاہدے پر زور دیا تھا، مجوزہ سہ فریقی اجلاس میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔