-
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر مزید حملے کیے ہیں، یہ حملے واشنگٹن کے خلاف جوابی کارروائی ہیں، کویتی عوام کے خلاف نہیں ہیں۔
پاسداران انقلاب کے مطابق علی السالم ایئربیس پر موجود فوجی ساز و سامان کے ایک بڑے گودام، پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام، اور امریکی MQ-9 ڈرونز کے ایک ہینگر کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ العدیری بیرکس میں امریکی فوجیوں کی رہائش گاہوں اور دو ہیلی کاپٹر ہینگرز پر بھی حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا اور ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کو بھاری نقصان پہنچا۔
آئی آر جی سی نے یہ بھی کہا کہ اس کے اہلکاروں نے ایران میں مواصلاتی ٹاورز پر امریکی حملوں کے جواب میں ایک مواصلاتی ٹاور کو بھی نشانہ بنایا۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں امریکی فوج کے متعدد عسکری اثاثوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔
سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے آئی آر جی سی کے بیان میں کہا گیا کہ حملوں میں امریکی تھاڈ میزائل دفاعی نظام کا ریڈار، پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام، سی-رام (C-RAM) ریڈار، اور ایک ہیلی کاپٹر ہینگر کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کویتی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی ایران نے نہیں بلکہ امریکا نے کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کے حملوں کا ہدف صرف امریکی فوجی اڈے ہیں، جنہیں آئی آر جی سی نے ایسے علاقے قرار دیا جو بقول کویتی سرحدی محافظوں کے مؤثر کنٹرول سے باہر ہیں، اور جہاں امریکی فوج اپنی مرضی سے لوگوں، حتیٰ کہ دیگر ممالک کے قیدیوں کو بھی لانے اور لے جانے کی آزادی رکھتی ہے۔
آئی آر جی سی نے مزید کہا کہ لہٰذا آپ کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہم نے نہیں بلکہ امریکا نے کی ہے، ہم ان علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جن پر امریکی فوج قابض ہے، ایسی فوج جو ہمارے نزدیک جرائم کے سوا کچھ نہیں جانتی۔
![]()
