پاسپورٹ نظام میں اہم تبدیلی، آج سے صرف ای پاسپورٹ جاری ہوں گے

پاکستان میں پاسپورٹ کے اجرا کا نظام جدید بنانے کے لیے اہم تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت اب نئے پاسپورٹ حاصل کرنے والے شہریوں کو الیکٹرانک پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد سفری دستاویزات کی سیکیورٹی اور پاسپورٹ سروسز کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔

محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاکستان میں الیکٹرانک پاسپورٹ (ای پاسپورٹ) جاری کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد کی تاریخ 23 اکتوبر 2026 مقرر کی تھی جس کا اطلاق آج سے ہوگیا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر اور بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز سے اب مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) جاری نہیں کیے جائیں گے، بلکہ نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو صرف ای پاسپورٹ جاری ہوں گے۔

اس سے قبل یہ تبدیلی 15 اکتوبر 2026 سے نافذ ہونا تھی، تاہم بعد میں اس کی تاریخ تبدیل کرکے 23 اکتوبر مقرر کردی گئی تھی۔ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجرا اور تجدید کی سہولت 22 اکتوبرکو ختم ہوچکی ہے۔

حکام کے مطابق 23 اکتوبر سے پہلے جاری کیے گئے مشین ریڈایبل پاسپورٹ اپنی مقررہ میعاد ختم ہونے تک قابل استعمال رہیں گے۔ ایسے شہری جن کے پاسپورٹ ابھی کارآمد ہیں، انہیں نئی پالیسی کے تحت انہیں قبل از وقت تبدیل کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ای پاسپورٹ کے اجرا کی جانب منتقلی کا مقصد پاسپورٹ سروسز کو جدید بنانا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سفری دستاویزات کی سیکیورٹی اور کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔

مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) اور ای پاسپورٹ میں کیا فرق ہے؟

مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے صفحے پر نیچے کی جانب ایک خاص کوڈ یا پٹی درج ہوتی ہے۔ اس کوڈ میں پاسپورٹ رکھنے والے کی تمام بنیادی معلومات ڈیجیٹل انداز میں لکھی ہوتی ہیں جسے ایئرپورٹس پر لگے ہوئے خصوصی اسکینرز فوراً پڑھ لیتے ہیں، جبکہ ای پاسپورٹ میں ایک الیکٹرانک چِپ بھی ہوتی ہے جس میں پاسپورٹ ہولڈر کی شناخت سے متعلق معلومات محفوظ ہوتی ہیں۔ اس چِپ کی مدد سے شناخت کی تصدیق اور سیکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

دنیا بھر کے جدید ایئرپورٹس پر ای پاسپورٹ ہولڈرز کو امیگریشن افسر کے سامنے لائن میں نہیں لگنا پڑتا۔ وہ اسمارٹ گیٹ پر پاسپورٹ خود اسکین کر کے چند سیکنڈز میں گزر سکتے ہیں۔

یورپی یونین، امریکا اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر میں ای پاسپورٹ کو سب سے زیادہ معتبر مانا جاتا ہے، جس سے ویزا کے حصول اور بین الاقوامی سفر میں آسانی ہوتی ہے۔