پاکستان کی جنوبی کوریا کے خلاف مسلسل دوسری فتح، 3-1 سے کامیاب، کپتان ابوبکر محمود مین آف دی میچ
پاکستان ( ڈیلی روشنی نیوز انٹریشنل ۔۔۔ خصوصی مندوب ۔۔۔ طاہر لطیف )اسلام آباد: پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کے خلاف چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی 3-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔ قومی ٹیم کے کپتان ابوبکر محمود نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گول اسکور کیے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔
میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی، جس کے باعث ابتدائی کوارٹر 0-0 سے برابر رہا۔
دوسرے کوارٹر میں جنوبی کوریا نے پاکستان کے دفاع کو توڑتے ہوئے میچ کا پہلا گول اسکور کیا اور ہاف ٹائم تک 1-0 کی برتری برقرار رکھی۔
ایک گول کے خسارے کے باوجود پاکستان نے دوسرے ہاف میں بھرپور واپسی کی۔ تیسرے کوارٹر میں قومی ٹیم نے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا، جس کے بعد چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مزید 2 گول داغ دیے اور مقابلہ 3-1 سے اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کی فتح میں کپتان ابوبکر محمود نمایاں رہے، جنہوں نے اہم مواقع پر 2 گول اسکور کرکے ٹیم کی کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ بہترین کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستانی ٹیم کی کامیابی کی ایک اہم بات یہ بھی رہی کہ پہلے ہاف میں ایک گول سے پیچھے ہونے کے باوجود کھلاڑیوں نے دباؤ میں حوصلہ نہیں ہارا اور دوسرے ہاف میں تین گول اسکور کرتے ہوئے میچ کا نقشہ مکمل طور پر تبدیل کردیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی جنوبی کوریا کو 3-1 سے شکست دی تھی۔ دوسرے ٹیسٹ میں بھی اسی اسکور سے کامیابی کے بعد پاکستان نے سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی ہے۔

![]()
