Daily Roshni News

پی ایچ ایف نے بیلجیم اور انگلینڈ کے خلاف پرو لیگ کے لیے 20 رکنی قومی ہاکی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

پی ایچ ایف نے بیلجیم اور انگلینڈ کے خلاف پرو لیگ کے لیے 20 رکنی قومی ہاکی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

پاکستان (  ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل  ۔۔۔۔۔۔  خصوصی مندوب  ۔۔۔۔۔۔  طاہر لطیف  )پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیلجیم اور انگلینڈ میں شیڈول آئندہ ایف آئی ایچ پرو لیگ میچز کے لیے 20 رکنی فائنل پاکستان سینئر مینز ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی اسکواڈ کا اعلان نیشنل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر پی ایچ ایف صدر کی منظوری کے بعد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سلیکشن کا عمل 19 اور 20 مئی کو ہونے والے ٹرائلز کے بعد مکمل طور پر شفاف انداز میں انجام دیا گیا، جہاں ابتدا میں 21 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر اسکواڈ کو 20 کھلاڑیوں تک محدود کر دیا گیا۔ متبادل یا ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست سلیکشن کمیٹی کی جانب سے الگ سے جاری کی جائے گی۔

اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں دو گول کیپرز وقار اور علی رضا شامل ہیں۔ دفاعی لائن میں ابو بکر، ارباز احمد، محمد عبداللہ اور سفیان خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ مڈفیلڈ میں ندیم خان، عماد شکیل بٹ، معین شکیل، حماد انجم اور زکریا حیات شامل ہیں، جبکہ اسٹرائیکنگ ڈیپارٹمنٹ میں غضنفر علی، محمد عماد، رانا ولید، عبدالرحمٰن، افراز خان، رانا وحید، احمد ندیم، ارشد لیاقت اور حنان شاہد پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر قومی ٹیم کو پرو لیگ کے لیے بہترین انتظامی، مالی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ کھلاڑیوں کا روزانہ کا وظیفہ بڑھا کر 110 امریکی ڈالر فی کھلاڑی کر دیا گیا ہے، جس کی پیشگی ادائیگی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ دورے کے دوران ٹیم کے لیے بہترین رہائش اور دیگر سہولیات کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ انگلینڈ اور بیلجیم میں موجود پاکستانی سفارت خانوں کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ میچز کے دوران کھلاڑیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کے مطابق کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ کے دوران سخت محنت کی ہے اور روانگی تک ان کی مشقیں جاری رہیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور بیلجیم میں ایف آئی ایچ پرو لیگ میچز میں شرکت سے قومی کھلاڑیوں کو بہترین بین الاقوامی ایکسپوژر اور تجربہ حاصل ہوگا، جو آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

Loading