ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

خیبرپختوخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 6 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، شہید نائیک غلام مرتضیٰ کی عمر 36 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع گجرات سے تھا جب کہ شہید سپاہی تاثیر احمد کی عمر 30 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں عزم استحکام کے تحت پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے جب کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہر قیمت پر وطن کے دفاع اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا فورسز کو خراج تحسین

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں  بھارتی سرپرستی میں سرگرم  6 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے شہدا نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیر اعظم نے آپریشن عزم استحکام کے تحت ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے  6 دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا۔

وزیرداخلہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد نے جان دے کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، شہدا ہمارا مان اور فخر ہیں، سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں  کو سلام پیش کرتا ہوں، قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔