Daily Roshni News

کل مذاکرات کا امکان، پاکستان امریکا کو ایران سے ہوئی مشاورت سے آگاہ کرنے کیلئے تیار

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل یعنی اتوار کو منعقد ہو سکتا ہے جبکہ پاکستان، اسلام آباد کے دورے پر آئے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی مشاورت کے نتائج سے واشنگٹن کو آگاہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ 

ایک اہم سفارتی پیش رفت میں ایران کے وزیرِ خارجہ پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور سے متعلق توقعات بڑھ گئی ہیں۔ یہ دورہ پہلے مرحلے کے مذاکرات کے بعد ہونے والی پسِ پردہ بات چیت کے تناظر میں ہو رہا ہے۔

پہلے دور میں دونوں فریقین کے درمیان مزید رابطوں کی بنیاد رکھی، گئی تھی۔ اس صورتحال سے واقف حکام کے مطابق، اسلام آباد میں ایرانی وزیرِ خارجہ کی ملاقاتوں میں حالیہ پیش رفت اور مذاکرات کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھنے کے امکانات پر توجہ دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اگر اسلام آباد میں مشاورت کے مثبت اشارے سامنے آئے تو پاکستان ممکنہ طور پر اس کے نتائج سے باضابطہ طور پر امریکا کو آگاہ کرے گا۔  نتیجتاً، دوسرے دور کے مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جو ابتدائی طور پر اتوار تک متوقع ہیں۔

دریں اثنا، وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان پہلے ہی یہ کہہ چکے ہیں کہ امریکی وفد کے ارکان ہفتہ کی صبح (امریکی وقت کے مطابق) یعنی پاکستان کے وقت کے مطابق ہفتہ کی رات پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق جب یہ پیشرفت عملی شکل اختیار کرے گی تو مذاکرات کے وقت اور ایجنڈے کے حوالے سے مزید وضاحت سامنے آنے کی توقع ہے۔ اس پیش رفت کو عالمی سطح پر قریب سے دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے اثرات پوری دنیا کیلئے اہمیت کے حامل ہو سکتے ہیں

Loading