Daily Roshni News

گلگت بلتستان اسمبلی: اسپیکر پیپلز پارٹی اور ڈپٹی اسپیکر (ن) لیگ سے منتخب

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے عمران ندیم بلا مقابلہ گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ملک کفایت الرحمان بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں جب کہ نومنتخب اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اپنے عہدوں کا حلف بھی اٹھا لیا ہے۔

پیر کے روز گلگت بلتستان اسمبلی کا پہلا اجلاس اسپیکر نذیر ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں 33 میں سے 30 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھایا۔ اسپیکر نذیر ایڈووکیٹ نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا اور انہیں کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔

اجلاس کے دوران اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا، جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے عمران ندیم بلا مقابلہ اسپیکر جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ملک کفایت الرحمان بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔

انتخاب کے بعد نومنتخب اسپیکر عمران ندیم اور ڈپٹی اسپیکر ملک کفایت الرحمان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا جب کہ سابق اسپیکر نذیر ایڈووکیٹ نے عمران ندیم کو اسپیکر کا چارج بھی سونپ دیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی کی کارروائی کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ اور نیئر بخاری مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد ایوان منتخب ہوگئے ہیں، امجد حسین کا تعلق گلگت بلتستان کے حلقہ ایک سے ہے۔

امجد حسین ایڈووکیٹ اس سے قبل گلگت بلتستان کونسل کے رکن بھی رہ چکے ہیں، جہاں انہوں نے 5 سال تک خدمات انجام دیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما حافظ حفیظ الرحمان کو بلامقابلہ اپوزیشن لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے جب کہ دونوں عہدوں پر انتخاب کے بعد گلگت بلتستان اسمبلی میں قیادت کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے بعد استحکام پاکستان پارٹی نے بھی گلگت بلتستان میں حکومت سازی میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں استحکام پاکستان پارٹی کو مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی تھی تاہم عبدالعلیم خان نے بلاول بھٹو کی پیشکش قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی۔

Loading