پروفیشنلز فورم ( پی ایس ایف) کا انعقاد سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ کے زیر انتظام و انصرام ، پاکستان ہاوس میں کیا گیا ۔
پریس ریلیز سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ ۔۔۔۔
ہالینڈ ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔۔ ترجمہ ۔۔۔ میاں عاصم محمود )دی ہیگ: سفارت خانۂ پاکستان نے 7 فروری 2026 کو پاکستان ہاؤس میں پہلی پاکستانی پروفیشنلز فورم (PSF) کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی نژاد پروفیشنلز، کاروباری شخصیات، ایگزیکٹوز اور سینئر پالیسی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے اور نیدرلینڈز میں پاکستانی پروفیشنل کمیونٹی کی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اپنے افتتاحی کلمات میں سفیر سید حیدر شاہ نے پاکستانی نژاد پروفیشنل کمیونٹی کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ماہرین اور پروفیشنلز نیدرلینڈز کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ڈچ صنعتوں اور سروسز سیکٹر میں موجود بہترین مواقع سے فائدہ اٹھائیں، اعلیٰ مہارتیں حاصل کریں اور پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مختلف ڈچ اداروں میں کام کرنے والے پاکستانی پروفیشنلز کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ سمجھتی ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھرپور لگن کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے ہموار کریں۔ اس موقع پر انہوں نے سفارت خانے کی جانب سے قونصلر خدمات کی بہتری کے لیے کیے گئے اہم اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
نیدرلینڈز میں پاکستانی پروفیشنل کمیونٹی کی ترقی کے موضوع پر ہونے والے مکالمے میں ماہرین اور پروفیشنلز نے ڈچ کاروباری ماحول اور مہارتوں کی ترقی کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے بینکنگ، قانون، اکیڈمیا، ٹیکنالوجی، زراعت، روبوٹکس، مصنوعی ذہانت، انجینئرنگ، تعمیرات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں اپنی پیشہ ورانہ ترقی کے تجربات بھی شیئر کیے جبکہ مختلف شہروں میں پاکستانی پروفیشنلز کی مقامی تنظیموں کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سوال و جواب کے سیشن کے دوران نوجوان پروفیشنلز نے سینئر ماہرین سے پیشہ ورانہ زندگی اور کیریئر کی ترقی کے حوالے سے رہنمائی حاصل کی۔
پاکستانی پروفیشنلز نے کمیونٹی سے روابط مضبوط بنانے کے لیے اس اقدام کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ نیدرلینڈز میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر نیٹ ورکنگ لنچ کا اہتمام کیا گیا جس میں روایتی پاکستانی کھانے پیش کیے گئے اور شرکاء نے اسے خوب سراہا۔
یہ فورم سفارت خانۂ پاکستان کی جانب سے نیدرلینڈز میں مقیم پاکستانی نژاد کمیونٹی کے مختلف طبقات سے روابط مضبوط بنانے کی کاوشوں کا حصہ ہے اور اس طرح کی تقریبات آئندہ بھی باقاعدگی سے منعقد کی جائیں گی
![]()






