ایران نے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین اور آخری رسومات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے تھے، جس کے بعد سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے اور پاکستان کی ثالثی میں امن کی کوششیں جاری ہیں۔
ایرانی حکومت نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات 4 جولائی سے 9 جولائی تک مختلف مراحل میں منعقد کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق 4 اور 5 جولائی کو دارالحکومت تہران میں الوداعی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں عوام اور سرکاری شخصیات کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
اس کے بعد 6 جولائی کو تہران میں باضابطہ جنازے کی تقریبات منعقد ہوں گی، جب کہ 7 جولائی کو ایران کے مقدس شہر قُم میں بھی تعزیتی اور مذہبی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق 9 جولائی کو مشہد میں جنازے کی مرکزی تقریب کے بعد علی خامنہ ای کو امام رضا کے روضے میں سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ علی خامنہ ای 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے میں شہید ہوئے تھے۔ ان حملوں میں ایران کے کئی اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور حکومتی عہدیدار بھی جاں بحق ہوئے تھے۔
علی خامنہ ای تقریباً 37 برس تک ایران کے سپریم لیڈر رہے اور ملک کے سیاسی، مذہبی اور سیکیورٹی معاملات میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے۔ ان کی شہادت کے بعد ایران کی سپریم کونسل نے ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو سپریم لیڈر مقرر کیا تھا۔
![]()
