اچھی غذا کھانے کا آغاز دن کے آغاز سے ہونا چاہیے۔ اچھا اور بھرپور ناشتہ نا صرف آپ کی صحت کو برقرار رکھتا ہے بلکہ آپ کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ نئی تحقیق کے نتائج نے اس کی تصدیق کی ہے۔
امریکا کی ٹیکساس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ناشتہ واقعی دن کی اہم ترین غذا ہے کیونکہ اس سے لوگوں کو دن بھر متوازن غذا استعمال کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس تحقیق کے نتائج امریکن سوسائٹی فار نیوٹریشن کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کیے گئے۔
اس تحقیق میں ایسے 128 نوجوان افراد کو شامل کیا گیا تھا جو اکثر ناشتہ نہیں کرتے تھے۔ ان کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
ایک گروپ کو ان کے معمول کے مطابق ناشتے سے دور رکھا گیا، دوسرے گروپ کو روزانہ ناشتہ 15 گرام پروٹین کے ساتھ کرایا گیا جبکہ تیسرے گروپ کا ناشتہ 30 گرام پروٹین پر مشتمل تھا۔ اس کے بعد ان افراد کو کہا گیا کہ وہ دن بھر جو بھی کھانا چاہتے ہیں، کھا سکتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تینوں گروپس میں شامل افراد نے دن بھر میں لگ بھگ یکساں مقدار میں کیلوریز استعمال کی گئیں جو کہ اوسطاً 2300 کیلوریز تھیں مگر اہم بات یہ تھی کہ جو افراد ناشتہ کرتے تھے، وہ دن بھر میں فائبر، آئرن، زنک اور کولین کو زیادہ مقدار میں جزوبدن بناتے ہیں۔
اس کے مقابلے میں جو افراد ناشتہ کرنے سے گریز کرتے تھے، وہ ناقص غذاؤں کا زیادہ انتخاب کرتے تھے اور صحت کے لیے مفید اجزا جیسے فائبر، آئرن اور زنک کو جسم کا حصہ نہیں بناتے تھے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ناشتے میں زیادہ پروٹین استعمال کرنے والے افراد دن بھر میں 15 گرام پروٹین استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں زیادہ پروٹین، آئرن اور کولین کو جزوبدن بناتے ہیں۔
اسی طرح ناشتہ کرنے والے دونوں گروپس دن بھر میں چینی سے بنی اشیا کا بھی کم استعمال کرتے تھے۔ دن بھر میں زیادہ چکنائی اور میٹھے پر مبنی غذاؤں کا استعمال کم کرنے سے متعدد دائمی امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
![]()
