۔۔۔۔۔۔۔ خصوصی کلام ۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔ ہم دیکھیں گے ۔۔۔۔۔
شاعر ۔۔۔۔۔۔۔ فیض احمد فیض
ھم دیکھیں گے
لازم ہے کہ ھم بھی دیکھیں گے
وہ دن کے جسکا وعدہ ھے
جولوحِ ازل میں لکھا ہے
جب ظلم و ستم کے کوہ گراں
روئی کی طرح اُڑ جائیں گے
ھم محکوموں کے پاؤں تلے
یہ دھرتی دھڑ دھڑ دھڑکے گی
اور اہل حکَم کے سروں پر جب
بجلی کڑ کڑ کڑکے گی
جب ارض خدا کے کعبے سے
سب بت اٹھوائے جائیں گے
ھم اہل صفا مردودِ حرم
مسند پہ بٹھائے جائیں گے
سب تاج اچھالے جائیں گے
سب تخت گرائے جائیں گے
بس نام رہے گا اللّٰہ کا
جو غائب بھی ہے حاضر بھی
جو ناصر بھی ہے منظر بھی
اٹھے گا انالحق کا نعرہ
جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو
اور راج کرے گی خلق خدا
جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو
فیض احمد فیض
![]()

