بہت زیادہ گرم چائے کافی اور دیگر مشروبات غذائی نالی کے سرطان کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ بہت زیادہ گرم چائے اور کافی پینے سے غذائی نالی کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 3 گنا بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ بہت زیادہ گرم چائے اور کافی کو پینا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق میں 9 لاکھ 80 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو گرم مشروبات پینا پسند کرتے تھے۔ ان افراد کی صحت کا جائزہ 14 سال سے زائد عرصے تک لیا گیا تاکہ بہت زیادہ گرم مشروبات پینے سے صحت پر طویل المعیاد بنیادوں پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔
ان افراد سے تفصیلات حاصل کی گئی تھیں کہ ان کی ترجیح کیا ہوتی ہے، یعنی بہت زیادہ گرم، معتدل گرم، نیم گرم اور ٹھنڈے مشروبات پینا پسند کرتے ہیں یا نہیں۔
اس سے قبل چند دیگر تحقیقی رپورٹس میں بھی یہ بات سامنے آچکی ہے کہ بہت زیادہ گرم مشروبات کا استعمال غذائی نالی کے کینسر کا شکار بنا سکتا ہے۔
ریسرچ میں 65 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ درجہ حرارت والے مشروبات کو انتہائی گرم قرار دیا گیا۔ درحقیقت 70 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ گرم چائے یا کافی پینے سے اس کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ ہم نے بہت زیادہ گرم مشروبات کے استعمال اور غذائی نالی کے کینسر کے خطرے کے درمیان واضح تعلق کو دریافت کیا۔
انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ گرم مشروبات کے استعمال سے غذائی نالی کے کینسر کی ایک قسم ایس سی سی کا خطرہ بڑھتا ہے جبکہ دوسری قسم اے سی کا خطرہ نہیں بڑھتا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ بہت زیادہ گرم چائے یا کافی کے استعمال سے ایس سی سی سے متاثر ہونے کا خطرہ 3 گنا بڑھ جاتا ہے۔
محققین کے مطابق بہتر ہوگا کہ بہت زیادہ گرم چائے یا کافی کو کچھ ٹھنڈا کرکے پینا عادت بنائیں تاکہ اس جان لیوا مرض کا خطرہ کم ہوسکے۔
![]()
