پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے لانگ مارچ فی الحال موخر کرنے کا فیصلہ کر لیاہے ۔
پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کے مطابق لانگ مارچ کب کرنا ہے، اس کا فیصلہ محمود اچکزئی اور ناصر عباس کریں گے۔
دونوں قائدین کی ہدایت کی روشنی میں لانگ مارچ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
سیاسی کمیٹی نے کہا کہ ہم نے تھکنا نہیں بلکہ تھکانا ہے۔ کمیٹی کی جانب سے 27 ستمبر سے5 اکتوبر تک کسی بھی دن لانگ کا آغاز کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں لانگ مارچ کے مظاہرین سے نمٹنے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاری کی جارہی ہیں ، سڑک پر کنٹینرز کو رکھ کر ایک دوسرے کے ساتھ ویلڈنگ کے زریعے جوڑا جارہا ہے جبکہ سڑکوں پر کیل بھی نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ گاڑیوں کو آگے بڑھنے سے روکا جا سکے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں اور اسلام آباد میں رینجرز کو بھی تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔
وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ سے ایک ارب روپے کے فنڈز بھی مانگ لئے ہیں۔ رقم کنٹینرز کے کرائے ، اہلکاروں کی رہائش اورکھانے، ریت کی بوریوں اور آنسو گیس سمیت دیگر سیکیورٹی سامان پر خرچ کی جائے گی۔
راولپنڈی میں بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی، پولیس نے فیض آباد کے مسافرخانے، بس اڈے، دکانیں اور ہوٹلز رات تک بند رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
![]()
