ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل)برطانوی ماہرینِ فلکیات نے پہلی بار سبز رنگ کا سفید بونا ستارہ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سفید بونے ستارے صرف سفید نہیں بلکہ سبز، گلابی، نیلے، پیلے اور جامنی رنگوں میں بھی دکھائی دے سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف واروک کے محقق مارک ہولینڈز کے مطابق عام ستاروں کا رنگ زیادہ تر ان کے درجۂ حرارت پر منحصر ہوتا ہے، تاہم سفید بونے ستاروں کی غیر معمولی کثافت ان کے رنگوں میں فرق پیدا کر سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سفید بونے ستارے سورج جیسے ستاروں کی زندگی کے آخری مرحلے میں باقی رہ جانے والے انتہائی کثیف اجسام ہیں۔ ان میں موجود مختلف عناصر پلازما کے ساتھ تعامل کرتے ہوئے روشنی کو جذب کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں یہ ستارے غیر معمولی رنگوں میں دکھائی دے سکتے ہیں۔