ایران تنازع حل ہونے کی امید مزید روشن، خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی

ایران تنازع حل ہونے کی امید مزید روشن، خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی

بین الاقوامی (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ایران تنازع حل ہونے کی امید مزید روشن ہوگئی۔ وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد امریکی صدر نے اب ایران تنازع بغیر فوجی کارروائی کے حل ہونے کی امید ظاہر کردی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ابھی جنگ ختم کرنے کا اعلان نہیں کررہا، مذاکرات کے نتائج کا انتظار ہے ۔ پیش رفت ہورہی ہے ۔ لگتا ہے یہ تنازع جلدی ختم ہوجائے گا تاہم یہ بھی واضح کردیا کہ صورتحال تبدیل ہوئی تو کارروائی کیلئے بھی تیار ہیں۔

امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ ایران جنگ نے ہمیں نقصان پہنچایا، ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر بات چیت کا امکان مسترد کردیا۔ کہا ایران کسی صورت ایٹمی ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ قطری وزیراعظم کیساتھ بہترین گفتگو ہوئی، خطے کے ممالک بحری ناکہ بندی کے حق میں ہیں، ایران کیخلاف فی الحال فوجی کارروائی ضروری دکھائی نہیں دیتی۔

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے پیش نظر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 7 فیصد کمی ہوگئی۔ برطانوی کروڈ آئل 92 اور امریکی خام تیل 87 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہورہا ہے۔