ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ تحریر۔۔۔غلام نبی کشافی) میرے پاس ایک صاحب، جن کا تعلق ایک مخصوص جماعت سے ہے، جب بھی تشریف لاتے ہیں تو عموماً فروعی مسائل پر بحث و مناظرہ شروع کر دیتے ہیں۔ میں نجی محفلوں میں اس طرح کے فروعی مسائل پر گفتگو کرنے سے گریز کرتا ہوں، کیونکہ میرا تجربہ ہے کہ ایسی بحثوں سے عموماً کوئی خاص فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔
البتہ کل ان سے ملاقات کے دوران میں نے ایک بات کہی کہ آپ کے پاس گفتگو کرنے کے لیے رفع الیدین، آمین بالجہر، نماز کے بعد اجتماعی دعا اور بدعتی امام کے پیچھے نماز پڑھنے جیسے چند مسائل کے علاوہ آخر اور کیا موضوعات ہیں؟
مجھے ذاتی طور پر ان مسائل پر بار بار تبادلۂ خیال کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ میں تو آپ سے یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا آپ اپنے ذہن کو کسی نئے موضوع پر سوچنے، غور و فکر کرنے اور کوئی نئی بات دریافت کرنے کے لئے بھی استعمال کرتے ہیں؟
انہوں نے جواب دیا کہ میں بھی تو فروعی مسائل پر غور و فکر کرتا ہوں۔
میں نے کہا کہ ان مسائل پر گزشتہ چودہ سو سال سے ہمارے علماء لکھتے اور بحث کرتے آئے ہیں۔ اس موضوع پر ہمارے پاس کتابوں کا ایک وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ لیکن میں آپ سے کوئی ایسی تخلیقی بات جاننا چاہتا ہوں جو آپ کی اپنی سوچ اور دریافت کا نتیجہ ہو، محض کسی دوسرے کی بات کا اعادہ نہ ہو۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ایسی کوئی بات فی الحال ان کے پاس نہیں ہے۔ پھر انہوں نے مجھ سے کہا کہ آپ ہی کوئی ایسی بات بتائیے تاکہ آئندہ میں بھی اس انداز سے سوچنے کی کوشش کروں۔
میں نے انہیں سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے منسوب ایک قول کی مثال دی، جو امام غزالی کی مشہور کتاب احیاء علوم الدین میں ان الفاظ کے ساتھ نقل ہوا ہے:
رَحِمَ اللَّهُ امْرَأً أَهْدَى إِلَيَّ عُيُوبِي۔
(احیاء علوم الدین : ج 3 ، ص 64)
اللہ اس شخص پر رحم فرمائے جس نے مجھے میرے عیب ہدیے کے طور پر پیش کئے۔
ایک دوسری روایت میں یہی مفہوم ان الفاظ میں بھی نقل ہوا ہے:
لوگوں میں مجھے سب سے زیادہ محبوب وہ شخص ہے جو میرے عیب مجھے ہدیے کے طور پر پیش کرے۔
اس قول کا مفہوم یہ ہے کہ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ ایسے شخص کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے جو ان کے عیوب کی نشاندہی کرکے انہیں اپنی اصلاح کا موقع فراہم کرے۔ یعنی کسی انسان کو اس شخص کا شکر گزار ہونا چاہئے جو اس کی خامیوں سے اسے آگاہ کرے، کیونکہ اپنی کمزوریوں کا احساس ہی اصلاح کی پہلی منزل ہے۔
میں نے ان سے کہا کہ یہ بھی ایک طرح کی فکری دریافت ہے کہ انسان کسی معروف قول کو محض نقل کرنے کے بجائے اس کے اندر پوشیدہ حکمت کو اپنی زندگی اور اپنے طرزِ فکر پر منطبق کرکے دیکھے۔
چنانچہ اسی سلسلے میں، میں نے انہیں اپنی ایک ذاتی کیفیت سے بھی آگاہ کیا۔
میں جب اس طرح سوچتا ہوں تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ جب کوئی شخص میرے مضامین پر تعریف و تحسین کے جملے لکھتا ہے تو بظاہر اچھا لگتا ہے، لیکن کچھ دیر بعد یہ خیال بھی آتا ہے کہ اس شخص نے اپنی تعریف کے ذریعے میرے لئے سوچنے اور غور کرنے کا کوئی نیا دروازہ نہیں کھولا، بلکہ مجھے محض ایک لفظ ’’شکریہ‘‘ کہنے تک محدود کر دیا ہے۔
لیکن اس کے برعکس جب کوئی شخص میرے کسی مضمون پر علم، دلیل اور شائستگی کے ساتھ تنقید کرتا ہے یا اختلافِ رائے کا اظہار کرتا ہے تو میرے ذہن میں جواب دینے کے لیے ایک فکری ہلچل پیدا ہو جاتی ہے۔ پھر میں دو پہلوؤں پر خصوصی توجہ دیتا ہوں۔ اگر مجھے محسوس ہوتا ہے کہ واقعی مجھ سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو اس کی اصلاح کرنے کی کوشش کرتا ہوں، لیکن اگر اختلاف کرنے والے کی بات مجھے درست محسوس نہیں ہوتی تو اس کے جواب میں اپنا موقف مزید وضاحت، دلائل اور شواہد کے ساتھ پیش کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔
اس طرح تنقید اور اختلافِ رائے، دونوں صورتوں میں مجھے کچھ نہ کچھ حاصل ہوتا ہے۔ یا تو اپنی اصلاح کا موقع ملتا ہے یا اپنے موقف کو مزید نکھارنے اور واضح کرنے کا موقع میسر آتا ہے۔
میں اکثر اسی انداز سے سوچتا ہوں اور شاید یہی طرزِ فکر مجھے بہت سے دوسرے لوگوں سے مختلف رکھتا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ کسی بات کو محض سنی سنائی یا نقل شدہ معلومات کی بنیاد پر قبول یا مسترد نہ کروں، بلکہ اس پر خود بھی غور کروں، اس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لوں اور اپنی بات کو حتی الامکان علم اور دلیل کی زبان میں پیش کروں۔
میرے نزدیک فکری ارتقا کا راستہ محض تعریف و توصیف سے نہیں، بلکہ سوال، تنقید، اختلافِ رائے، غور و فکر اور اپنی غلطیوں کے اعتراف سے ہوکر گزرتا ہے۔ جو شخص صرف اپنی تعریف سننا چاہتا ہے، وہ اپنی فکری ترقی کے بہت سے امکانات خود ہی محدود کر لیتا ہے۔ جس کا میں تحمل نہیں کرسکتا ۔
کسی شاعر نے صحیح کہا ہے :
تنقید سے انساں کی تقدیر سنورتی ہے
تعریف کے متوالے تنقید گوارا کر
لیکن بدقسمتی سے کشمیر میں گالم گلوچ، طنز و تعریض، تضحیک و تحقیر اور ناشائستہ زبان کو بھی اختلافِ رائے اور علمی تنقید کا نام دے دیا جاتا ہے، حالانکہ حقیقت میں یہ سب ذہنی و فکری دیوالیہ پن کی علامتیں ہیں۔ اس لئے ایسے افراد کو چاہئے کہ سب سے پہلے اختلافِ رائے اور علمی تنقید کے اصول و آداب کا مطالعہ کریں، اپنے اخلاق و کردار اور زبان و بیان کی اصلاح پر توجہ دیں اور دوسروں کی باتیں محض نقل کرنے کے بجائے اپنی عقل و فکر کو استعمال کرنے کی عادت ڈالیں۔ اختلافِ رائے کا مطلب کسی کی تضحیک و تحقیر نہیں، بلکہ علم، دلیل، شائستگی اور سنجیدگی کے ساتھ اپنی بات پیش کرنا ہے۔