ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رموزِ بے خودی ۔۔۔ تحریر۔۔۔علامہ محمد اقبال رحمہ اللہ )در معنی ایں کہ نظامِ ملت غیر از آئین صورت نبندد و آئینِ ملتِ محمدیہ قرآن است
(نظامِ ملت آئین کے بغیر صورت پذیر نہیں ہوتا. ملتِ محمدیہ کا آئین قرآن ہے)
پختہ تر سودائے خام از زورِ اُو
در فتد با سنگ، جام از زورِ اُو
ترجمہ: اُس کے زور و قوت کا یہ عالم ہے کہ کسی کے دل میں خام آرزو ہو تو اس کی بدولت پختہ و پائیدار ہو جاتی ہے اور اس کی اسی قوت کے طفیل جام پتھر سے ٹکرا جاتا ہے.
می برد پابند و آزاد آورد
صید بنداں را بفریاد آورد
ترجمہ: قرآن مجید کی پابندی غلاموں کو آزادی کی نعمت بخشتی ہے جو لوگ دوسروں کا شکار کرنے کی فکر میں ہوں انہیں قرآن مجید فریاد پر مجبور کر دیتا ہے.
نوعِ انسان را پیامِ آخرین
حاملِ اُو رحمتہ للعالمین
ترجمہ: قرآن مجید انسانوں کے لیے خدا کا آخری پیغام ہے. یہ کتاب اُس ذاتِ پاک (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ذریعے ہم تک پہنچی جو تمام جہانوں کے لیے سراپا رحمت ہیں.
ارج می گیرد ازو نا ارجمند
بندہ را از سجدہ می سازد سر بلند
ترجمہ: اس کتاب مقدس سے ایک بے حقیقت اور بے وقعت انسان کو بھی عزت و وقعت ملتی ہے. یہ کتاب پاک انسان کو سجدے کے ذریعے سربلندی عطاء کرتی ہے. قرآن مجید نے جس توحید کی دعوت دی ہے اس کا خلاصہ یہ ہے کہ انسان خدا کا فرمانبردار بندہ بن جائے. صرف اُس کے آگے جھکے، صرف اُسے سجدہ کرے. یہ بندگی، یہ فرمانبرداری اور یہ سجدہ ریزی اسے خدا کے سوا ہر وجود کی غلامی اور محکومی سے آزاد کر دیتی ہے.
رہزناں از حفظِ اُو رہبر شدند
از کتابے صاحبِ دفتر شدند
ترجمہ: یہی کتاب ہے جس نے ڈاکووَں اور لٹیروں کو انسانیت کے رہنما بنا دیا اور اسی کتاب مقدس کی بدولت انھوں نے علوم کے دفتر تیار کر دیئے.
دشتِ پیمایاں ز تابِ یک چراغ
صد تجلی از علوم اندر دماغ
ترجمہ: اس ایک چراغ کی روشنی نے صحراؤں میں پھرنے والوں کے دماغ میں علوم کی سینکڑوں تجلیاں پیدا کر دیں.
آنکہ دوشِ کوہ بارش بر نتافت
سطوتِ او زہرہِ گردوں شکافت
ترجمہ: یہی کتاب ہے جس کا بوجھ پہاڑوں کے کندھے بھی نہ سنبھال سکے، جس کے دبدبے اور ہیبت سے آسمان کا پتا پھٹ گیا.
بنکر آں سرمایۂ آمال ما
گنجد اندر سینہِ اطفالِ ما
ترجمہ: ہماری خواہشوں اور آرزووں کا سرمایہ ہمارے بچوں کے سینوں میں سمایا ہوا ہے. اشارہ مسلمان بچوں کے حفظ قرآن کی طرف ہے یعنی اتنا بڑا بار مسلمان بچے اپنے سینوں میں اٹھائے پھرتے ہیں.
آں جگر تابِ بیابانِ کم آب
چشمِ اُو احمر ز سوزِ آفتاب
ترجمہ: وہ بے آب بیابان میں پھرنے والا عرب جس کی آنکھیں سورج کی حرارت سے سرخ تھیں وہاں کی گرمی سے اُس کا جگر جلا ہوا تھا.
خوشتر از آہو رمِ جمازہ اش
گرم چوں آتش دمِ جمازہ اش
ترجمہ: اُس کی سانڈنی کا چلنا ہرن کے چلنے سے بھی زیادہ پسندیدہ تھا بلکہ اُس کی سانڈنی کا سانس آگ کی طرح گرم تھا.
رختِ خواب افگندہ در زیرِ نخیل
صبحدم بیدار از بانگِ رحیل
ترجمہ: وہ کھجوروں کے نیچے بستر بچھا کر سو رہنے کا عادی تھا. علی الصبح کوچ کی صدا بلند ہوتی تو جاگ اٹھتا.
دشت سیر از بام و در نا آشنا
ہرزہ گردد از حضر نا آشنا
ترجمہ: رات دن صحرا میں پھرتا رہتا تھا، نہ کبھی گھر بنایا، نہ دروازے کی شکل دیکھی. برابر اِدھر اُدھر چکر لگاتا رہتا، کبھی کسی جگہ جم کر نہ بیٹھتا.
تا دلش از گرمیِ قرآن تپید
موجِ بیتابش چو گوہر آرمید
ترجمہ: جب قرآن مجید کی حرارت سے عرب کے دل میں تڑپ پیدا ہوتی تو اُس کی بے قرار موج میں آسودگی پیدا ہو گئی جس طرح موتی میں آب و تاب کی موج آسودہ ہوتی ہے.
خواند ز آیاتِ مبینِ اُو سبق
بندہ آمد، خواجہ رفت از پیشِ حق
ترجمہ: اُس نے قرآن مجید کی واضح اور روشن آیتوں کا سبق لیا. وہ خدا کے سامنے غلام آیا تھا، آقا بن کر رخصت ہوا.
از جہانبانی نوازد سازِ اُو
مسندِ جم گشتِ پا اندازِ اُو
ترجمہ: اُس کے ساز سے جہان بانی کے نغمے اٹھنے لگے. جمشید کا تخت اُس کے لیے پائیدان بن گیا.
شہر ہا از گردِ پایش ریختند
صد چمن از یک گلش انگیختند
ترجمہ: وہ جس طرح سے نکلا اُس کے پاؤں کی گرد سے شہر پیدا ہوتے گئے. اُس کے ایک پھول سے سینکڑوں باغوں کا ظہور ہوا.
تشریح:
قرآن مجید کی چھٹی صفت یہ ہے کہ وہ بنی آدم کو ہر قسم کی غلامی سے آزادی عطاء کرتا ہے۔ اس نکتہ کی وضاحت قبل ازیں کر چکا ہوں، اس لیے اعادہ کی حاجت نہیں ہے۔
ساتویں صفت یہ ہے کہ یہ نوعِ انسانی کے لیے "پیامِ آخریں” ہے اور چونکہ آخری پیغام ہے اس لیے کامل بھی ہے اور ساری دنیا کے لیے ہے۔ اور چونکہ ساری دنیا کے لیے ہے، اسی لیے حاملِ قرآن یعنی سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمتہ للعالمین یعنی ساری دنیا کے لیے رحمت ہیں۔
آج کے دن میں نے تمہارے لئے تمہارا دین کامل کر دیا اور اپنی نعمت تم پر تمام کر دی (یعنی ہدایت مکمل طور پر نازل کر دی) اور میں اس بات سے راضی ہوں کہ تمہارا دین اسلام ہو (یعنی اگر تم اسلام کو اپنا دین (دستورِ حیات) بناؤ گے تو میں تم سے راضی ہو جاؤں گا (اور اللہ کو راضی کرتا ہی مقصودِ حیات ہے)
قرآنِ حکیم کی چند خصوصیات واضح کرنے کے بعد اقبال اس کی تعلیمات کے ثمرات کا بیان کرتے ہیں کہ
رہزناں از حفظِ اُو رہبر شدند
از کتابے صاحبِ دفتر شدند
یعنی ظہورِ اسلام سے پہلے عرب کے باشندے لوٹ مار، قتل و غارت اور قزاقی میں عمریں بسر کر دیتے تھے. اور یہ باتیں اُن کا مشغلہ حیات تھیں۔ لیکن اس زندہ کتاب نے اُن کے اندر حیرت انگیز انقلاب پیدا کر دیا. جو لوگ راہرن تھے، وہ راہبر بن گئے. اور جو لوگ جاہلِ مطلق تھے، وہ علوم و فنون کے علمبردار بن گئے. اور اُن کے دل و دماغ دنیا کے علوم سے منور ہو گئے. اور انہوں نے ساری دنیا کو اپنے نور سے منور کر دیا.
کہتے ہیں کہ قرآنِ حکیم کی شوکت و عظمت و سطوت کا کچھ اندازہ اس بات سے ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالٰی یہ ارشاد فرماتا ہے :-
ترجمہ : اگر ہم اس قرآن کو کسی پہاڑ پر نازل فرماتے تو وہ بھی اللہ کی جلالتِ شان کے تصور سے یا اس کی ہیبت سے دب جاتا (بلکہ) پھٹ جاتا.
لیکن الله تعالٰی کا کتنا بڑا فضل و کرم ہے کہ یہی قرآن حکیم تو ہمارا سرمایہ مآل ہے یعنی ہماری تمام اُمیدوں کا مرکز ہے، یہی زندہ کتاب ہماری قوم کے اطفال کے سینوں میں سما جاتی ہے یعنی جس کا تحمل پہاڑوں سے نہیں ہو سکتا، بچوں کے سینے اس کے متحمل ہو جاتے ہیں.
پھر کہتے ہیں کہ اس قرآن حکیم نے عربوں کی زندگی میں ایسا انقلاب پیدا کر دیا کہ چشمِ فلک نے آج تک اس کی نظیر نہیں دیکھی.
(یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کے مشہور اشتراکی لیڈر مسٹر ایم ۔ این۔ رائے نے اپنی پُرمغز کتاب بعنوان "اسلام کا تاریخی کارنامہ” میں لکھا ہے کہ :۔
"تاریخ کے مطالعہ سے معلوم ہو سکتا ہے کہ پیغمبرِ اسلام (صلی اللہ علیہ وسلم) سے بڑا انقلاب آفرین انسان ابھی تک دنیا میں پیدا نہیں ہوا ہے”
لیکن کس قدر عبرتناک بات ہے کہ آج مسلمانوں سے زیادہ جامد قوم دنیا کے پردہ پر موجود نہیں ہے)
اس انقلاب کا ادنٰی کرشمہ یہ ہے کہ
مسندِ جم گشتِ پا اندازِ اُو
اور مسلمان جس جنگل میں جا کر خیمہ زن ہوئے اُسے گلشن بنا دیا. جس صحرا پر اُن کی ایک نگاہ پڑ گئی وہ شہر میں تبدیل ہو گیا.
لیکن جب مسلمانوں نے قرآن حکیم سے اپنا تعلق منقطع کر لیا، اور روایات و کرامات کی دنیا میں سکونت اختیار کر لی، تو وہ ان آیات کا مصداق ہو گئے :۔
(ہم نے سارے رسولوں کو ایک ہی تعلیم دے کر بھیجا اور اُن کو مطلع کر دیا کہ تمہارا سب کا طریقہ ایک ہی ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ میں تمہارا رب ہوں، اس لئے میری اطاعت کرو)
لیکن ان رسولوں کے متبعین نے اپنے دین میں اپنا طریق الگ الگ کر کے اختلاف پیدا کر دیا
اس تشتت اور افتراق کا نتیجہ تباہی اور بربادی ہے، اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی. چنانچہ اللہ تعالٰی ارشاد فرماتا ہے :۔
(چونکہ یہ لوگ قرآن حکیم کی طرف سے غافل ہیں، اس لئے آپ اُن کی طرف سے کچھ خیال نہ کیجئے. جس دن ایک بلانے والا (فرشتہ) ان لوگوں کو (جنہوں نے دین میں فرقہ بندی کی بنیاد رکھی) ایک ناگوار شئے (جہنم) کی طرف بلائے گا.
نوٹ: ہندوستان کی تاریخ کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلمان قوم 1707ء (جب مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر فوت ہوا) سے اسی دنیا میں جہنم کی زندگی بسر کر رہی ہے.