Daily Roshni News

بھارت: معذور مسلمان نوجوان مندر سے پرساد کھانے کے الزام میں قتل

بھارت میں مشتعل ہجوم کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے والا مسلمان معذور نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نئی دہلی کے علاقے سندر نگری میں پیش آیا جہاں 26 سالہ مسلم نوجوان اسرار نے مبینہ طور پر مندر سے پرساد کھایا جس پر موقع پر موجود افراد نے اس پر چوری کا الزام لگاکر اسے کھمبے سے باندھ دیا۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ مشتعل افراد نے چوری کا الزام لگاکر نوجوان کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں نوجوان کو کھمبے سے باندھ کر ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ نوجوان پر مندر سے 20 روپے چوری کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا۔

نوجوان کے والد نے پولیس کو بتایا کہ بیٹے کو ان کے پڑوسی گھر لے کر آئے اور واقعے کے بارے میں بتایا، اسرار کے جسم پر شدید زخم تھے اور وہ اسپتال لے جانے سے پہلے ہی مرچکا تھا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اس میں ملوث لوگوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جس کے بعد ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

Loading