Daily Roshni News

۔۔۔ماں کا خواب۔۔۔ بچوں کے لیے

             ماں کا خواب

              (ماخوذ)

             بچوں کے لیے

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )میں سوئی جو اک شب تو دیکھا یہ خواب

بڑھا اور جس سے مرا اضطراب

یہ دیکھا کہ مَیں جا رہی ہوں کہیں

اندھیرا ہے اور راہ مِلتی نہیں

لرزتا تھا ڈر سے مرا بال بال

قدم کا تھا دہشت سے اُٹھنا محال

جو کچھ حوصلہ پا کے آگے بڑھی

تو دیکھا قطار ایک لڑکوں کی تھی

زَمرّد سی پوشاک پہنے ہوئے

دِیے سب کے ہاتھوں میں جلتے ہوئے

وہ چُپ چاپ تھے آگے پیچھے رواں

خدا جانے جانا تھا اُن کو کہاں

اسی سوچ میں تھی کہ میرا پِسر

مجھے اُس جماعت میں آیا نظر

وہ پیچھے تھا اور تیز چلتا نہ تھا

دِیا اُس کے ہاتھوں میں جلتا نہ تھا

کہا مَیں نے پہچان کر، میری جاں!

مجھے چھوڑ کر آ گئے تم کہاں؟

جُدائی میں رہتی ہوں مَیں بے قرار

پروتی ہوں ہر روز اشکوں کے ہار

نہ پروا ہماری ذرا تم نے کی

گئے چھوڑ، اچھّی وفا تم نے کی!

جو بچّے نے دیکھا مرا پیچ و تاب

دیا اُس نے مُنہ پھیر کر یوں جواب

رُلاتی ہے تجھ کو جُدائی مری

نہیں اس میں کچھ بھی بھلائی مری

یہ کہہ کر وہ کچھ دیر تک چُپ رہا

دِیا پھر دِکھا کر یہ کہنے لگا

سمجھتی ہے تُو ہو گیا کیا اسے؟

ترے آنسوؤں نے بُجھایا اسے!

بسم اللہ الرحمن الرحیم

تفہیم و تشریح

      ماں کا خواب

یہ نظم ایک ایسی عورت کا خواب ہے جس کا بچہ کم سنی میں فوت ہوگیا ہے ماں نے  خواب میں دیکھا کہ وہ کہیں نامعلوم تاریک جگہ میں جارہی ہے اور راستہ دکھای نہیں دے رہا اس نے ہمت کی تولڑکوں کا ایک مجمع دیکھا لڑکوں نے بیش قیمت لباس پہنے ہوے تھے اور سب کے ہاتھوں میں چراغ تھے اس کا لڑکا سب سے پیچھے تھا اور اس کے ہاتھوں میں چراغ تھا جو بجھ رہا تھا. ماں نے اپنے بیٹے کو سینے سے لگا کر پوچھا کہ تو مجھے چھوڑ کر کہاں چلا گیا تھا میں تیری جدای میں روتی رہی ہوں یہ سن کر بچہ تھوڑی دیر چپ رہا اور بجھا ہوا چراغ اپنی ماں کو دکھا کر کہنے لگا کہ تو جو آنسو بہاتی رہی ہے تیرے آنسووں نے اسے بجھا دیا ہے اگر تو صبر سے کام لیتی تو  ایسا نہ ہوتا

اس نظم میں فقط بچوں کے لیئے نہیں، ہم بڑوں کے لیئے بھی  پیغام ہے

جس کا وقت آگیا اسے اس دنیا سے جانا ہے، کسی عزیز کا گذر جانا اس کے لواحقین کے لیئے واقعی سانحہ ہوتا ہے، جس پہ گذرتی ہے صرف وہی جانتا ہے کہ کسی کا اس دنیا سے چلے جانے کا کتنا دکھ ہوتا ہے، انسان جذباتی ہے ایسے موقعوں پر رونا آہی جاتا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اب جانے والے کے لیئے صرف رونا ہی جاری رکھا جائے بلکہ اس کے ایصالِ ثواب کے لیئے نیک اعمال کیئے جائیں تاکہ اس کے ہاتھ کا دیا روشن رہے🥹🥹۔

Loading