مرشد اور مرید
کتاب : آوازِ دوست
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔ مرشد اور مرید۔۔۔ مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب)قلندر بابا اولیاءؒ فرماتے ہیں مُرید اور مُرشد کا رشتہ استاد اور شاگرد، اولاد اور باپ کا ہے۔ مُرید مُرشد کا محبوب ہوتا ہے۔ مُرشد مُرید کی افتادِ طبیعت کے مطابق تریت دیتا ہے۔ اس کی چھوٹی بڑی غلطیوں پر پردہ ڈالتا ہے، نشیب و فراز اور سفر کی صعوبتوں سے گزار کر اُسے اس مقام پر پہنچا دیتا ہے جہاں پر سکون زندگی اس کا احاطہ کر لیتی ہے۔
قلندر بابا اولیاءؒ فرماتے ہیں زاہدانہ زندگی یہ نہیں ہے کہ آدمی خواہشات کو فنا کر کے خود فنا ہو جائے۔ آدمی اچھا لباس پہننا ترک کر دے۔ پھٹا پرانا اور پیوند لگا لباس پہننا ہی زندگی کا اعلیٰ معیار قرار دے لے تو دنیا کے سارے کارخانے اور تمام چھوٹی بڑی فیکٹریاں بند ہو جائیں گی۔ اور لاکھوں کروڑوں لوگ بھوک زدہ ہو کر ہڈیوں کا پنجر بن جائیں گے۔
اللہ نے زمین کی کوکھ سے وسائل اس لیئے نہیں نکالے کہ ان کی بے قدری کی جائے۔ ان کو استعمال نہ کیا جائے۔ اگر روکھا سوکھا کھانا ہی زندگی کی معراج ہے تو بارشوں کی ضرورت نہیں باقی رہے گی۔ زمین بنجر بن جائے گی۔ زمین کی زیبائش کے لیئے اللہ نے رنگ رنگ کے پھولوں، پتّوں، درختوں، پھلوں، کوہساروں اورآبشاروں کو بنایا ہے۔
قلندر بابا اولیاءؒ فرماتے ہیں:
زاہد کو چاہیئے کہ اللہ کی دی ہوئی ہر نعمت کو خوش ہو کر استعمال کرے لیکن خود کو اس کا مالک نہ سمجھے۔ اللہ روکھی سوکھی دے تو اسے بھی خوش ہو کر کھائے اور اللہ مُرغ پلاؤ دے تو اُسے بھی خوش ہو کرکھائے۔ جب سب کچھ ہے تو اس سے پورا پورا فا ئدہ اٹھائے۔ دروبست میں اللہ کو اپنا کفیل سمجھے اور ہر حاصل میں اللہ کا شکر گزار بندہ بنا رہے –
مرشد اور مرید
کتاب : آوازِ دوست
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب