Daily Roshni News

نیدرلینڈ،9مئی کے شرانگیز و اقعات پر…پاک کمیونٹی کی جانب سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔…تحریر۔۔۔۔محمدجاوید عظیمی

 

نیدرلینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔9مئی کے  واقعات پر مذمت کا سلسلہ جاری ہے ۔۔۔تحریر۔۔۔محمد جاوید عظیمی) دنیا بھر میں آباد پاکستانی وطن عزیز پاکستان میں آنے والی ہر وہ مصیبت چاہے وہ زلزلہ ،طوفان،سیلاب اور چاہے کسی  اور مصیبت کی صورت میں آفت ہو ہر صورت میں ہمہ وقت  اپنے محب وطن کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنے محب وطن ہونے  کا شاندرار مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس بار 9مئی 2023کو کوئی قدرتی آفت کا سامنا نہیں تھا بلکہ چند شرپسند جتھوں کی جانب سے پاکستان  کو تباہ کرنے  کے لئے  بہت بڑی سازش کی گئی اللہ تعالیٰ  کا شکر ہے کہ ریاست پاکستان کی افواج ،پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں نے مل کر اس ملک دشمن سازش کو ناکام بنانے میں اپنا  اہم کردار ادا کیا۔ ہم ان تمام اداروں کو اس مذموم گھناونی اور سوچی سمجھی منصوبہ بندی کی سازش کو ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔آج ان شر انگیز واقعات کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے مگر اب بھی نیدرلینڈ کے کسی شہر میں کوئی اجتماع ہو تو پاکستانی کمیونٹی کے معزز اور محب وطن پاکستانی اس بھیانک اور  ملک دشمن واقعات کی یک زبان ہو کر شدید الفاظ میں مذمت کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کے اقتدار اعلیٰ سے یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ 9مئی کے واقعات میں جو بھی ملک دشمن عناصر ملوث  ہیں ان کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے کوئی بھی ہو ان سب کو عبرتناک سزائیں  دلوائی جائیں تاکہ آئندہ کوئی بھی  اس طرح کی جرات کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔نیدرلینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے ان دشمن عناصر کی پاکستان مخالف سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے بھی پر زور مطالبہ کیا ہے۔

 

اسی کے ساتھ انھوں نے یہ کہا کہ ان شرپسندوں کی جانب سے کی گئی پاکستان مخالف سازش کے باعث دنیا بھر کے ممالک بلخصوص نیدرلینڈمیں بھی پاکستان کا وقار مجروح ہوا ہے اس کے باعث ہم سمندر پار پاکستانیوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نیدرلینڈ میں تقریبات مذہبی،روحانی ،سیاسی یا ثقافتی ہوں ان تمام تقریبات میں وطن عزیز پاکستان کی سلامتی ،بقا،خوشحالی کامیابیوں اور تاقیامت شادو آباد رہنے کی دعائیں کی جاتی ہیں۔ پاکستان افواج دنیا بھر میں انتہائی منظم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی حامل افواج کی فہرست میں نمایاں نمبروں میں شامل ہیں ۔ پاکستان کے خلاف مذموم عزائم رکھنے والے ممالک کی دیرینہ خواہش کہ پاکستانی افواج کو تقسیم کرکے پاکستان کو کمزور کرد یا جائے۔ ان خواہشات کی تکمیل کے لئے ضمیر فروش اور وطن  کے غداروں کو خرید لیتے  ہیں یہی وہ شرپسند جتھے ہیں جنھوں نے عام پاکستانیوں کی ذہن سازی کرکے 9مئی کو پاکستان پر حملہ کروا دیا اس طرح کا شیطانی کھیل پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں کھیلا گیا۔ غدار وطن نے ملک کی سالمیت کو پارہ پارہ کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر ہماری افواج اور دیگر سیکورٹی اداروں نے اس کو ناکام بنا دیا۔ اللہ تعالیٰ ہماری افواج پاکستان کو سلامت رکھے کیونکہ فوج ہے تو پاکستان بھی ہے۔یہی وہ فوج جو رات کو جاگتی ہے  تو ہم سکون کی نیند سوتے ہیں ۔ ملک پر کوئی ناگہانی آفت آن پڑے تو یہ فوجی جوان ہی ہیں جو عوام کی مدد کے لئے سینہ تان کر کھڑے ہو جاتے ہیں ۔

دشمن کے خلاف جنگ کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے  پیش کرنے والے شہیدوں کی یادگاروں کا احترام ہم پر لازم و ملزوم ہے۔باقاعدہ منصوبہ بندی کرکے پاکستان کے  بانی حضرت محمدعلی جناح رحمۃ اللہ علیہ  کے قائداعظم ہاؤس اور افواج پاکستان کے کمانڈر افسران جبکہ جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والوں کا  پاکستان سے تعلق نہیں ہو سکتا کیونکہ محب وطن پاکستانی اس کا تصور نھی نہیں کر سکتا ۔ متذکرہ حملے میں ملوث ہر شر پسند کو بلا تاخیر عبرتناک سزائیں دلواکر اس پر  عمل درآمد کروایا جائے۔ ہماری قلبی دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کو تاقیامت سلامت اور شاد و آباد رکھے ۔آمین ثمہ آمین

پاکستان زندہ باد

پاک فوج پائندہ باد

Loading