*آسٹریا: بچوں کے کھانے میں چوہے مار زہر کی موجودگی کا انکشاف*
(رپورٹ محمد عامر صدیق ویانا) یورپی ملک آسٹریا میں پولیس نے تصدیق کی ہے کہ جرمن فوڈ کمپنی ’ہپ‘ (HiPP) کے ایک جار میں چوہے مار زہر کی موجودگی پائی گئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں ہزار سے زائد سپر مارکیٹ چین ’اسپار‘ اسٹورز میں بڑے پیمانے پر واپس اٹھا لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق برگن لینڈ میں ایک صارف کی شکایت پر 190 گرام کے بچوں کے کھانے ’کیرٹ اینڈ پٹیٹوز‘ کے نمونے کا ٹیسٹ کیا گیا، جس میں زہریلا مادہ پایا گیا۔ ہپ نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ وہ اس بات کو خارج از امکان قرار نہیں دے سکتے کہ اس پروڈکٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہو اور کہا تھا کہ اس زہر کا استعمال جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ جار کی نشانیوں میں نیچے سرخ دائرے والا اسٹیکر، کھلا یا خراب ڈھکن، سیفٹی سیل کا غائب ہونا یا غیر معمولی بو شامل ہو سکتی ہے۔
چیک ری پبلک اور سلوواکیہ سے ضبط کیے گئے اسی طرح کے نمونوں کے ابتدائی ٹیسٹوں میں بھی زہریلے مادے کی موجودگی کے اشارے ملے ہیں جس کے بعد جرمن تحقیقات کی بنیاد پر آسٹریا کو الرٹ جاری کیا گیا۔
ہپ کمپنی نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ صورتحال ممکنہ طور پر بیرونی مجرمانہ مداخلت کا نتیجہ ہے، جو اسپار اسٹورز آسٹریا کی ڈسٹری بیوشن چین سے منسلک ہے۔
اسپار اسٹورز کے ترجمان کے مطابق یہ ری کال احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے جس میں آسٹریا میں تقریباً 1,500 اسٹورز شامل ہیں تاہم دیگر ممالک کے اسٹورز اس سے متاثر نہیں ہیں۔
اسپار اسٹورز اور ہپ دونوں نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اسپار آسٹریا سے خریدے گئے کسی بھی متاثرہ جار کا استعمال نہ کریں اور جار کی واپسی پر مکمل رقم واپس دی جائے گی۔ پولیس نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ جن افراد نے ان جارز کو چھوا تھا وہ اچھی طرح ہاتھ دھوئیں۔
![]()




