ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )انسان کو اپنی اوقات کا اندازہ تب ہوتا ہے، جب وہ کائنات کو سمجھنا شروع کرتا ہے۔ہم چند کامیابیوں، چند تعریفوں اور چند لائکس پر غرور کرنے لگتے ہیں، لیکن ذرا اپنی دنیا سے باہر نکل کر دیکھیے۔ ہماری زمین، سورج کے گرد گھومنے والے ایک چھوٹے سے سیارے کے سوا کچھ نہیں۔ ہمارا سورج بھی اربوں ستاروں میں سے صرف ایک ستارہ ہے، اور ہماری کہکشاں بھی کائنات کی بے شمار کہکشاؤں میں سے ایک ہے۔
لیکن حیرت کی اصل کہانی ابھی باقی ہے!
زمین سے تقریباً 15 لاکھ کلومیٹر دور ناسا کا جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ موجود ہے۔ اسے وہاں اس لیے رکھا گیا ہے تاکہ اس کی بڑی سن شیلڈ سورج، زمین اور چاند کی حرارت سے اس کے حساس آلات کو محفوظ رکھ سکے، اور یہ کائنات سے آنے والی انتہائی مدھم انفراریڈ روشنی کا مشاہدہ کر سکے۔
اب ذرا اس کی ایک تصویر دیکھیے!
یہ تصویر جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کے JADES پروگرام کے تحت لی گئی ہے۔ اس میں 45 ہزار سے زیادہ کہکشائیں نظر آ رہی ہیں۔
جی ہاں! آپ جس تصویر کو ستاروں سے بھرا ہوا آسمان سمجھ رہے ہیں، اس میں نظر آنے والے بیشتر چھوٹے چھوٹے روشن دھبے دراصل مکمل کہکشائیں ہیں۔
ہر کہکشاں میں لاکھوں نہیں بلکہ اربوں ستارے بھی ہو سکتے ہیں۔ اور ان ستاروں کے گرد سیاروں کے نظام بھی موجود ہو سکتے ہیں۔
لیکن سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ جیمز ویب نے ان مشاہدات کے ذریعے ایسی سینکڑوں کہکشاؤں کا سراغ لگایا ہے جو بگ بینگ کے صرف 60 کروڑ سال بعد ہی موجود تھیں۔
یعنی یہ ٹیلی اسکوپ ہمیں کائنات کے اس دور کی جھلک دکھا رہی ہے، جب ہماری کائنات ابھی بہت کم عمر تھی۔
اب ایک لمحے کے لیے سوچیے…
ہماری زمین، ہماری کہکشاں اور ہماری تمام تر کامیابیاں اس وسیع کائنات کے مقابلے میں کتنی معمولی ہیں!
شاید اسی لیے فلکیات کا مطالعہ انسان کو صرف کائنات کے راز نہیں بتاتا، بلکہ اسے عاجزی بھی سکھاتا ہے۔
جتنا آپ کائنات کو جانتے جائیں گے، اتنا ہی آپ کو احساس ہوگا کہ ابھی جاننے کے لیے کتنا کچھ باقی ہے!