-
پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ احتجاج ہمارا حق ہے،27 ستمبر کو پوری قوت کے ساتھ نکلیں گے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، پرامن احتجاج کی آئین اور قانون اجازت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو پوری قوت کے ساتھ نکلیں گے اور اتنی بڑی تعداد میں لوگ باہر آئیں گے جس کا مخالفین تصور بھی نہیں کرسکتے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختوںخوا کا کہنا تھا کہ کسی قسم کا خوف نہیں، ہر صورت لانگ مارچ ہوگا، جبکہ 25 ستمبر کو احتجاج کا تمام پلان ڈسکلوز کردیا جائے گا، یہ ٹیسٹ میچ ہے اور ان شاء اللہ ہم ہی جیتیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارا تصادم کا کوئی ارادہ نہیں، ہم پرامن اور جمہوری طریقے سے انصاف کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر گولی چلائی گئی تو پھر دوسری طرف سے بھی گولی چلے گی، موجودہ صورتِ حال ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانے کی کوشش ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی دہشت گرد نہیں، بندوق کا مقابلہ بندوق سے نہیں کر رہے بلکہ اپنے آئینی اور جمہوری حق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔
سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ جوانوں کا مقابلہ بندوق سے نہیں کیا جا رہا، تحریک انصاف انصاف کے حصول کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد کر رہی ہے۔
![]()
