طُغیانِ مشتاقی بمعنی وفورِ عاشقی، اسے سے مراد ہے محبتِ الٰہی کی شدت. مطلب یہ ہے کہ مسلمان کی زندگی شدتِ محبت کی جیتی جاگتی تصویر ہوتی ہے. بموجب ارشادِ قرآنی
وَالَّذِينَ اٰمَنُوا اَشَدُّ حُبًّا لله – (اور جو لوگ مومن ہیں اللہ کی محبت میں بہت شدید ہوتے ہیں)
خلاصہ کلام یہ کہ اگر مومن کی زندگی سے محبتِ الٰہی کے عنصر کو خارج کر دیا جائے تو اس کا وجود ہی ختم ہو جائے گا.
دوسرا شعر :
کہتے ہیں کہ فطرت مجھے نوا (شاعری) پر مجبور کر رہی ہے. اس کے معنیٰ یہ ہیں کہ قوم میں ابھی درد مند مسلمان ضرور باقی ہیں جو میرے پیغام کو سمجھ سکتے ہیں.
تیسرا شعر :
میخانہ میں شراب کی کمی نہیں ہے. آج بھی ساقی (مرشدِ کامل) تجھے اتنی پلا سکتا ہے کہ تو ماسویٰ اللہ سے بالکل بیگانہ ہو جائے لیکن اگر تیرے اندر اللہ سے ملنے کی سچی تڑپ ہی نہ ہو تو پھر کیا شکوۂ ساقی.
چوتها شعر :
فرنگیوں کی زندگی بہت تابناک (روشن) ہے یعنی بہت دلکش معلوم ہوتی ہے لیکن یہ سب ظاہری ٹیپ ٹاپ ہے. اُن کا باطن نورِ ایمان سے بالکل خالی ہے یعنی جس قدر روشنی نظر آتی ہے یہ سب بجلی کے چراغوں کی ہے، ایمان کی نہیں ہے. ظاہر میں سب کچھ ہے، باطن میں کچھ بھی نہیں، ذره بھر نہیں ہے. اسی خیال کو اقبال نے یوں ادا کیا ہے
چہرہ روشن، اندرُوں چنگیز سے تاریک تر!
پانچواں شعر :
جب تک انسان کا زاویہ نگاہ آفاقی نہ ہو جائے اُس کے دل میں آفاق گیری کا جذبہ پیدا نہیں ہو سکتا اور یہ آفاقی اندازہ اُس وقت پیدا ہو سکتا ہے جب مسلمان قرآنی تعلیمات کو اپنا وظیفہ حیات بنا لے اور یہ نعمت صحبتِ مرشد سے حاصل ہو سکتی ہے. آفاق گیری کے ولولے سے اقبال کی مراد ہے ساری دنیا میں تبلیغِ اسلام کرنے کا جذبہ یا ساری دنیا میں حکومتِ الٰہیہ قائم کرنے کی آرزو.
چھٹا شعر :
یہ شعر رمز و ایماء اور کنایہ کی بہترین مثال ہے. حقیقی معنیٰ تو بالکل واضح ہیں کہ استعارات کا پردہ ہٹا دیا جائے تو شاعر کا مطلب یہ ہے کہ اگرچہ میں مسلمانوں کے دورِ الخطاط میں پیدا ہوا ہوں لیکن قوم کے افراد میں اگر اخوت کا جذبہ کار فرما ہوتا تو اس بے سر و سامانی کے باوجود دشمنوں کو مجھ پر دست درازی کا موقع نہیں مل سکتا تھا. واضح ہو کہ لفظ "کم اوراقی” اس شعر کی جان ہے اور اس سے مراد ہے جذبہ اخوت کا فقدان.
ساتواں شعر :
اس شعر میں اقبال نے یہ پیش گوئی کی ہے کہ مغربی اقوام کی روش سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اُن کی تمام تدابیر جو وہ مسلمان ممالک کو اپنا غلام بنانے کے لئے کر رہی ہیں خاک میں مل جائیں گی اور مسلمانوں کی تقدیر بدل جائے گی اگرچہ آج وہ ان اقوام کے محکوم ہیں لیکن کچھ عرصہ کے بعد ان کو آزادی نصیب ہو جائے گی.
اقبال کو اپنی فراست پر اعتماد تھا کہ انہوں نے دوسرے مصرع میں ہمیں متنبہ کر دیا ہے کہ یہ جو کچھ میں کہہ رہا ہوں سب حقیقت پر مبنی ہے، صرف شاعرانہ خیال آرائی نہیں ہے.