’انہیں صرف اپنی سیاسی بقا کی فکر تھی‘ بائیڈن نے نیتن یاہو کا کچا چٹھا کھول دیا
انٹرنیشنل (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی نئی کتاب میں اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اسرائیل کے مفادات سے زیادہ اپنی سیاسی بقا اور اقتدار کی فکر تھی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق بائیڈن نے اپنی کتاب ’پرامس می امریکا‘ میں انکشاف کیا ہے کہ غزہ جنگ کے دوران نیتن یاہو کے ساتھ ان کے تعلقات شدید کشیدگی کا شکار رہے۔
بائیڈن نے لکھا کہ جنگ کے آغاز سے ہی وہ اسرائیل پر زور دیتے رہے کہ غزہ میں شہریوں کی ہلاکتیں کم کرنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جائیں، لیکن اسرائیلی حکومت نے ان کے مطالبات پر عمل نہیں کیا۔
ان کے مطابق نیتن یاہو بھی تسلیم کرتے تھے کہ فلسطینی شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں سے اسرائیل کی عالمی ساکھ اور جنگ کے لیے امریکی حمایت متاثر ہو رہی ہے، لیکن اس کے باوجود اسرائیل نے اپنا طرز عمل تبدیل نہیں کیا۔
بائیڈن نے لکھا کہ جب بھی امریکی حکام نے اسرائیل سے شہری ہلاکتوں پر بات کی تو اسرائیلی حکام کوئی نہ کوئی وضاحت یا بہانہ پیش کردیتے تھے، لیکن نتیجہ ہمیشہ ایک جیسا ہی رہتا تھا۔
سابق امریکی صدر نے نیتن یاہو کی وعدوں کی پاسداری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے وعدے کرنے میں بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے تھے جنہیں پورا کرنے کا ان کے پاس اختیار یا ارادہ نہیں تھا۔
بائیڈن کے بقول انہیں اس بات پر مایوسی تھی کہ نیتن یاہو ایک مدبر رہنما کی طرح سوچنے اور اسرائیل کے طویل مدتی مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے اپنی سیاسی ضروریات کو ترجیح دے رہے تھے۔
بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان اختلافات غزہ میں امدادی کارکنوں کی ہلاکت اور حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے معاملے پر بھی سامنے آئے تھے۔ سابق امریکی عہدیدار بریٹ میک گرک کے مطابق اپریل 2024 میں اسرائیلی حملے میں عالمی امدادی تنظیم ورلڈ سینٹرل کچن کے 7 کارکنوں کی ہلاکت کے بعد بائیڈن نے نیتن یاہو سے سخت گفتگو کی تھی۔
جولائی 2024 میں تہران میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کے معاملے پر بھی دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلاف پیدا ہوا تھا۔ نیتن یاہو کا خیال تھا کہ اس کارروائی سے اسرائیل کی پوزیشن مضبوط ہوگی، جبکہ بائیڈن کو خدشہ تھا کہ اس سے یرغمالیوں کی رہائی کے مذاکرات متاثر ہوں گے۔
ادھر سابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے قومی سلامتی کے مشیر فل گورڈن نے بھی نیتن یاہو پر مذاکرات میں تاخیر کا الزام عائد کیا تھا۔ ان کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے جولائی 2024 میں نئی شرائط پیش کی تھیں، جن میں فلاڈیلفی راہداری میں اسرائیلی فوج کی موجودگی برقرار رکھنا اور شمالی غزہ واپس جانے والے فلسطینیوں کی نگرانی شامل تھی۔
گورڈن کا کہنا تھا کہ ان شرائط کے باعث معاہدہ تقریباً 6 ماہ تک تاخیر کا شکار رہا۔ ان کے مطابق اس دوران تقریباً 9 ہزار مزید فلسطینی جاں بحق ہوئے، جبکہ اسرائیلی یرغمالیوں کی بھی ہلاکتیں ہوئیں۔
کملا ہیرس نے بھی اپنی کتاب ’107 Days‘ میں نیتن یاہو پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی چاہتے تھے کیونکہ انہیں توقع تھی کہ ٹرمپ غزہ کے معاملے پر اسرائیل کے زیادہ سخت اقدامات کی حمایت کریں گے۔
دوسری جانب بائیڈن نے اپنی کتاب میں اپنی ذہنی صلاحیت سے متعلق اٹھائے گئے سوالات کا بھی جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کے حملوں کے فوراً بعد 8 اور 9 اکتوبر 2023 کو جب تفتیش کاروں نے ان کا انٹرویو کیا تو وہ پوری رات جاگ کر عالمی صورتِ حال سے نمٹ رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق 480 صفحات پر مشتمل بائیڈن کی کتاب 17 نومبر کو شائع ہوگی۔ 83 سالہ سابق امریکی صدر پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہیں جو ان کی ہڈیوں تک پھیل چکا ہے۔ انہوں نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اگر انہیں اپنی بیماری کا پہلے علم ہوتا تو وہ دوبارہ صدارتی انتخاب لڑنے کا ارادہ نہ کرتے۔