پاکستانی تجارت کو مہنگا ترین جھٹکا، کراچی سے نیویارک کنٹینر کرایہ چار گنا بڑھ گیا

پاکستانی تجارت کو مہنگا ترین جھٹکا، کراچی سے نیویارک کنٹینر کرایہ چار گنا بڑھ گیا

پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )پاکستانی تجارت کو مہنگا ترین جھٹکا، کراچی سے نیویارک کنٹینر کرایہ چار گنا بڑھ گیا۔کراچی سے نیویارک کنٹینر بھیجنےکا کرایہ 2 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 9 ہزارڈالر تک جا پہنچا،جہازوں کے طویل راستوں نے ترسیل میں بھی 20 روز تک اضافہ کر دیا، مہنگی شپنگ اور تاخیر سے پاکستانی برآمدات عالمی منڈی میں دباؤ کا شکار ہیں،درآمدات کی لاگت بڑھنے سےملکی معیشت کے لیے بھی خطرات بڑھ گئے۔

سمندری راستوں میں خطرات کے باعث بیرون ملک مال بھیجنا مہنگا، درآمدی سامان منگوانا مشکل ہوگیا،پاکستانی تجارت دوہری مشکلات میں گھرگئی،آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر کے اطراف سیکیورٹی خدشات نے تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت متاثر کر دی۔

ٹیکسٹائل، گارمنٹس، چاول، چمڑے، کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات، ادویات اور سمندری خوراک سمیت متعدد شعبےمتاثر ہو رہے ہیں،دوسری طرف توانائی،خام مال اورصنعتی اشیا کی درآمد بھی مہنگی پڑ رہی ہے۔

وزارت تجارت کے اعداد وشمار کے مطابق کراچی سے نیویارک 40 فٹ کنٹینر بھیجنے کا کرایہ تقریباً 2 ہزار ڈالر سے بڑھ کر آٹھ سے 9 ہزارڈالر تک پہنچ گیا، چین سے کنٹینر کی ترسیل بھی 2 ہزار سے 2400 ڈالر کے بجائے اب 4 ہزار سے ساڑھے چار ہزار ڈالر میں پڑ رہی ہے۔ صرف کرایے ہی نہیں بڑھے۔

سامان کی منزل تک پہنچنےکا انتظار بھی طویل ہوگیا،کیپ آف گڈ ہوپ کے راستے جہازوں کی آمدورفت سے سفرمیں 15 سے 20 دن اضافی لگ رہے ہیں,امریکا کی مشرقی ساحلی ریاستوں تک پاکستانی برآمدات پہنچنےمیں اب 40 سے 42 دن لگ رہے ہیں۔

وزارت تجارت کی دستاویزمیں خدشہ ظاہرکیاگیا ہےکہ خلیجی ممالک کو پاکستان کی براہ راست برآمدات میں ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر تک کمی ہو سکتی ہے,بحری راستوں کی بندش کی صورت میں توانائی کا درآمدی بل بھی تقریباً ساڑھے چار ارب ڈالر بڑھنے کا اندیشہ ہے۔