*اوورسیز پاکستانی صحافیوں کی تنظیم پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل (پی ایم جے ایف) کا عالمی یوم صحافت کے دن پر آن لائن سیمینار، آزادی صحافت پر زور*
آسٹریا (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔محمد عامر صدیق ویانا) دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانی صحافیوں کی سب سے بڑی تنظیم، پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل (پی ایم جے ایف) نے عالمی یوم صحافت ڈے کے موقع پر ایک آن لائن سیمینار کا انعقاد کیا۔
اس ویبینار میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ملکی و غیر ملکی صحافیوں، میڈیا پروفیشنلز، تجزیہ کاروں، مختلف ممالک کے سفراء اور ماہرین اور پاک میڈیا جرنلسٹس فورم کے ممبران و عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین چوہدری نورالحسن گجر اور صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ نے کی، جبکہ مہمان خصوصی چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا اور چیئرمین اوورسیز پاکستانی کمیشن بیرسٹر امجد ملک تھے۔
شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد صحافت جمہوری اقدار کے فروغ، شفافیت کو یقینی بنانے اور اداروں کو جوابدہ بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں صحافی سنسرشپ، غلط معلومات کے پھیلاؤ، پیشہ ورانہ خطرات اور آزادی اظہار پر پابندیوں جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی یوم آزادی صحافت صرف ایک دن نہیں، بلکہ اظہارِ رائے کی آزادی کے بنیادی حق اور باخبر معاشرے کی تشکیل میں صحافت کے اہم کردار کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے درمیان اتحاد اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کے تحفظ کو انتہائی ضروری قرار دیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی، چیئرمین OPF سید قمر رضا اور چیئرمین اوورسیز کمیشن بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز صحافیوں کو مراعات فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور ملک کا مثبت امیج اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیشہ ورانہ اصولوں کے فروغ اور آزادی صحافت کے حوالے سے عالمی آگاہی کے لیے اس سیمینار کو ایک اہم اقدام قرار دیا۔
اجلاس میں امریکہ میں اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے سفیر ڈاکٹر ملک ندیم عابد، آسٹریا میں پاکستان کے سفیر محمد کامران اختر، جرمنی میں پاکستانی سفیر ثقلین سیدہ، وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر اکرام اللہ خان، یونیورسل پیس فریڈیشن آسٹریا کے صدر پیٹر ہائیڈر۔معروف سعودی صحافی ڈاکٹر سمیرا عزیز، امریکی صحافی ہینا لوٹس پاکستانی امریکن پولیٹیشن شازیہ شاہ اور نائیجیرین صحافی ٹیموتھی ، یو کے پریس کلب کے عہدیداران اور دیگر نے بھی شرکت کی جبکہ تقریب میں نظامت کے فرائض معروف اینکر پرسن رامینا محمود نے ادا کئے ۔
![]()




