Daily Roshni News

ایتھنز میں جشنِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی روح پرور محفل، پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت

ایتھنز میں جشنِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی روح پرور محفل، پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت

یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء )منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام مرکزی اسلامک سنٹر ایتھنز میں سالانہ جشنِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اکابرین، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافتی و ادبی حلقوں کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ثنا خوانانِ مصطفیٰ ﷺ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ یورپ کے معروف ثنا خواں سجاد حسین قادری نے خصوصی کلام پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔

اس موقع پر معروف مذہبی اسکالر علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے حضور نبی اکرم ﷺ کے اوصافِ حمیدہ، سیرتِ طیبہ اور محبتِ رسول ﷺ کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی محبت ایمان کا لازمی تقاضا ہے اور آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے بہترین عملی نمونہ ہے۔

محفل کے دوران شرکاء نے والہانہ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کھڑے ہوکر آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا، جس سے مرکزی اسلامک سنٹر کی فضا درود و سلام اور عشقِ رسول ﷺ کے نعروں سے گونج اٹھی۔

آخر میں صدر تحریک ارسلان خرم چیمہ نے محفل میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں، کمیونٹی رہنماؤں اور عاشقانِ رسول ﷺ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں جشنِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی مبارکباد پیش کی۔

محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی سربلندی، دینِ مبین کی ترویج و سربلندی، کشمیر و فلسطین کی آزادی و سلامتی اور وطنِ عزیز پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

Loading