ایران معاہدہ تو کرنا چاہتا ہے لیکن امریکی شرائط قبول نہیں کررہا، امریکی صدر

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ ایران معاہدہ تو کرنا چاہتا ہے لیکن امریکی شرائط قبول نہیں کررہا،ضرورت پڑی تو دوبارہ حملہ کریں گے، تہران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جعلی نہیں بلکہ حقیقی معاہدہ چاہتے ہیں، ایسی ڈیل کریں گے جو امریکا کو قابل قبول ہو، ایران کے ساتھ جوہری جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوگا، ایسی جنگ ہونی ہی نہیں چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا، روس اور چین تیل کی پیداوار بڑھانے پر متفق ہیں، جبکہ ایندھن کی قیمتوں کا انحصار ایران کے ساتھ معاملات طے ہونے پر ہوگا۔ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید تیزی سے کمی آئے گی۔

امریکی صدر نے روس اور چین کے صدور کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو اور کیف کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے امکانات روشن ہیں۔