تہران نے جوہری مواد سے متعلق ثالثوں کی تجاویز کا جائزہ لینے کا عندیہ دے دیا

تہران نے جوہری مواد سے متعلق ثالثوں کی تجاویز کا جائزہ لینے کا عندیہ دے دیا۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ افزودہ یورینئم کی ایران سے بیرون ملک منتقلی ریڈ لائن لیکن قابل قبول حل نکالا جاسکتا ہے،امریکا کے ساتھ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جس سے دوبارہ جنگ شروع نہ ہو۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نےکہا ہےکہ ایران کے جوہری نظریے میں تاحال کوئی تبدیلی نہیں آئی، تاہم ایٹمی مواد سےمتعلق ثالثوں کی بعض تجاویز قابل غور ہیں، افزودہ یورینیم کی ایران سے بیرون ملک منتقلی تہران کے لیے ریڈ لائن ہے، لیکن مسئلے کا قابل قبول حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔

عباس عراقچی نےمزیدکہا امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایران کا پہلا مطالبہ ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ عوامی طور پر معاہدے کی خواہش کا اظہار کریں،واشنگٹن اگرمعاہدے کے لیےسنجیدہ ہےتو اسے اپنا مؤقف تبدیل کرنا ہوگا۔ ایران ایسا معاہدہ چاہتا ہےجس کے بعد دوبارہ جنگ کا خطرہ نہ رہے۔

ایرانی وزیرخارجہ نےبتایا کہ ثالثوں کےساتھ پیغامات کا تبادلہ جاری ہے اور امریکا کےساتھ اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی ہے، تاہم ایران کی جانب سےپیش کردہ دو روزہ منصوبےپر واشنگٹن کا جواب تاحال موصول نہیں ہوا، انکا دعویٰ ہے کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے مطالبات پورے کرتا ہے۔

عباس عراقچی نےامریکا کےساتھ فوری مذاکرات شروع کرنےکی تجویز دیتے ہوئے کہاکہ اگرواشنگٹن یقین دہانیوں پر عمل کرتا ہے تو اگلے ہی روز آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی۔

انہوں نےواضح کیا کہ ایران کو ثالثوں کی تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی اور سفارتکاری کے ذریعے تنازع کے حل کی امیدیں برقرار ہیں