ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ دنیائے ادب کا مردِ حُر بھی خاموش ہو گیا! ۔۔۔ تحریر۔۔۔نازپروین)پشاور کی ادبی فضا ایک بار پھر سوگوار ہو گئی۔ ابھی معروف ادیب، دانشور اور علم و ادب کی دنیا کی معتبر شخصیت ڈاکٹر سہیل احمد کی جدائی کا دکھ تازہ ہی تھا کہ ایک اور افسوس ناک خبر نے اہلِ قلم، ادبی حلقوں اور ادب دوستوں کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔ اردو اور ہندکو ادب کے نامور شاعر، ادیب، محقق اور استاد اورنگزیب حسام حُر بھی اس دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے پشاور کی ادبی محفلوں سے یکے بعد دیگرے چراغ بجھتے جا رہے ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب ڈاکٹر سہیل احمد کی وفات کا صدمہ ابھی دلوں میں تازہ تھا، حسام حُر کی رحلت نے ادبی دنیا کو ایک اور گہرے دکھ سے دوچار کر دیا ہے۔
کسی بھی معاشرے کے لیے اس کے اہلِ قلم محض ادیب یا شاعر نہیں ہوتے بلکہ وہ اس معاشرے کی تہذیبی یادداشت، فکری شناخت اور علمی ورثے کے امین ہوتے ہیں۔ اورنگزیب حسام حُر کی وفات اردو اور بالخصوص ہندکو ادب کے لیے ایک ایسا نقصان ہے جس کا احساس ان کی تخلیقات، ادبی خدمات اور علمی کاوشوں کے مطالعے کے ساتھ مزید گہرا ہوتا جائے گا۔
پشاور کی سرزمین صدیوں سے علم و ادب، تہذیب و ثقافت اور شعر و سخن کا گہوارہ رہی ہے۔ اس شہر نے جہاں اردو اور پشتو ادب کو نامور شخصیات عطا کیں، وہیں ہندکو زبان و ادب کی ترویج و ترقی میں بھی کئی اہلِ قلم نے نمایاں کردار ادا کیا۔ انہی معتبر ادبی شخصیات میں پروفیسر اورنگزیب حسام حُر کا نام خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
اورنگزیب حسام حُر محض ایک شاعر نہیں بلکہ ایک استاد، محقق، کالم نگار، افسانہ نگار، نقاد اور زبان و ادب کے مخلص خدمت گار تھے۔ ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو یہ ہے کہ انہوں نے اردو کے ساتھ اپنی مادری زبان ہندکو میں بھی تخلیقی کام کیا اور دونوں زبانوں کے ادبی سرمائے میں قابلِ قدر اضافہ کیا۔
اورنگزیب حسام حُر 2 جولائی 1960ء کو پشاور میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام اورنگزیب ہے جبکہ حسام حُر ان کا ادبی نام ہے۔ انہوں نے جامعہ پشاور سے اردو میں ایم اے کیا اور اس امتحان میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ بعد ازاں برطانیہ کی یونیورسٹی آف ہل سے ایم ایڈ کی ڈگری حاصل کی۔
تدریس ان کا پیشہ ہی نہیں بلکہ علمی و ادبی زندگی کا ایک اہم حوالہ بھی ہے۔ وہ ایسوسی ایٹ پروفیسر اردو کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے اور گورنمنٹ سپیریئر سائنس کالج وزیر باغ پشاور میں شعبۂ اردو کے سربراہ بھی رہے۔
ان کی ادبی تربیت، علمی مطالعے اور تدریسی تجربے نے ان کی تحریروں کو فکری وسعت اور زبان و بیان کی پختگی عطا کی۔
حسام حُر کی شاعری میں محبت، انسانی جذبات، معاشرتی رویوں، زندگی کے تجربات اور انسانی رشتوں کی نزاکتیں نمایاں نظر آتی ہیں۔ ان کے ہاں غزل محض لفظوں کی خوب صورت ترتیب نہیں بلکہ احساسات کی ترجمان ہے۔
ان کی اردو شاعری میں غزل کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان کے شعری مجموعوں میں حسینوں کے خطوط، سنہری برف کی بے داغ چادر، حسنِ تغزل اور صلّوا علیہ وسلّم تسلیماً قابلِ ذکر ہیں۔
ان کے مجموعے ’’حسنِ تغزل‘‘ کو ادبی حلقوں میں خصوصی توجہ حاصل ہوئی۔ اس کتاب میں ان کی غزلوں کے ذریعے محبت، حسن، زندگی اور انسانی احساسات کے مختلف رنگ سامنے آتے ہیں۔ ان کی شاعری کا ایک اہم وصف سادگی اور روانی ہے۔ وہ مشکل الفاظ اور ثقیل تراکیب کے بجائے عام فہم زبان میں اپنے احساسات کو بیان کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہی انداز ان کے کلام کو قاری کے قریب کرتا ہے۔
اورنگزیب حسام حُر کی ادبی شخصیت کا ایک نہایت اہم پہلو ہندکو زبان و ادب کے لیے ان کی خدمات ہیں۔ انہوں نے ہندکو کو صرف اظہار کا ذریعہ نہیں بنایا بلکہ اس زبان میں مختلف اصنافِ ادب کو فروغ دینے کے لیے عملی جدوجہد بھی کی۔
ان کی ہندکو تصانیف میں درج ذیل کتابیں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں:
* نِکّی جئی گل — ہندکو افسانوں کا مجموعہ۔
* حق اللہ ہو — ہندکو زبان کا ناول۔
* ہسدے وسدے لوک — ہندکو خاکوں کی کتاب۔
* حدیثاں پاک رسول دیاں — احادیثِ مبارکہ کا ہندکو ترجمہ۔
* حر دا اقبال — علامہ اقبال کے منتخب کلام کا ہندکو ترجمہ۔
* قصہ خوانی کینٹاں کار — ہندکو کالموں کا مجموعہ۔
* حسنتِ جمیع و خصالہی — ہندکو نعتیہ شاعری کا مجموعہ۔
ان کی یہ تصانیف اس بات کا ثبوت ہیں کہ انہوں نے ہندکو ادب میں افسانے، ناول، خاکے، نعت، ترجمے اور صحافت سمیت مختلف ادبی شعبوں میں کام کیا۔ خصوصاً ہندکو ناول اور افسانے کے حوالے سے ان کی کاوشیں قابلِ ذکر ہیں۔
حسام حُر کی شخصیت کا ایک اور اہم حوالہ ان کی ادبی صحافت ہے۔ وہ مختلف اخبارات اور جرائد میں اردو اور ہندکو زبانوں میں کالم نگاری کرتے رہے ہیں۔ روزنامہ مشرق، روزنامہ آج، روزنامہ ایکسپریس اور ہفت روزہ ہندکواں میں ان کی تحریریں شائع ہوتی رہی ہیں۔
انہوں نے ادبی رسائل کی اشاعت اور ادارت میں بھی حصہ لیا۔ سہ ماہی اردو جرائد ’’ادراک‘‘ اور ’’احساس‘‘ ان کی ادبی سرگرمیوں کا حصہ رہے۔
تحقیق و تنقید کے میدان میں بھی ان کی دلچسپی قابلِ قدر ہے۔ قومی اور بین الاقوامی ادبی کانفرنسوں میں ان کے تحقیقی مقالات پیش کیے جاتے رہے ہیں۔ وہ علاقائی زبانوں کی ادبی تاریخ، ثقافت اور تہذیبی شناخت کو محفوظ رکھنے کے حامی ہیں۔اورنگزیب حسام حُر نے انفرادی تخلیقی سرگرمیوں کے ساتھ اجتماعی ادبی جدوجہد میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ 1993ء میں ہندکو ادبی تنقیدی بیٹھک ’’پرچولے‘‘ کے بانی چیئرمین بنے۔ بعد ازاں 1996ء میں پاکستان مرکزی ہندکو ادبی بورڈ (رجسٹرڈ) پشاور کے قیام میں بھی ان کا کردار رہا۔
انہوں نے ادبی رسائل، اخبارات، کالج میگزینز اور دیگر اشاعتی منصوبوں کے ذریعے نئی نسل کو اپنی زبان اور ادب سے جوڑنے کی کوشش کی۔ ہندکو زبان کے لیے ان کی خدمات کا دائرہ محض شاعری تک محدود نہیں بلکہ تحقیق، تنقید، ترجمہ، افسانہ اور ادبی تنظیم سازی تک پھیلا ہوا ہے۔ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں مختلف ادبی اداروں کی جانب سے پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان کے اعزازات اور وابستگیوں میں اباسین آرٹس کونسل پشاور، پاکستان رائٹرز گلڈ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز اسلام آباد اور نیشنل بک فاؤنڈیشن شامل ہیں۔
ان کی کتابوں کی تقریباتِ رونمائی اور ادبی نشستیں پشاور کے علاوہ اسلام آباد، ایبٹ آباد، کوہاٹ، ہری پور، ڈی آئی خان اور لاہور میں بھی منعقد ہوتی رہی ہیں۔
ان کی زندگی میں اہلِ خانہ کی ادبی دلچسپی بھی ایک اہم حوالہ رہی۔ ان کی اہلیہ مرحومہ ثریا بانو خود بھی ادیبہ اور شاعرہ تھیں۔ ان کا ہندکو شعری مجموعہ ’’تصویراں‘‘ 1995ء میں شائع ہوا، جسے ہندکو زبان میں کسی خاتون کا اولین شعری مجموعہ قرار دیا جاتا ہے۔ ان کی دوسری کتابوں میں ’’دل دے دکھ ہزار‘‘ اور ’’تعبیراں‘‘ شامل ہیں۔
ثریا کا انتقال 2017ء میں ہوا تھا، مگر وہ ان کی زندگی اور تخلیقی سفر کا مضبوط ترین سہارا تھیں۔ ادب سے اس جوڑے کی وابستگی اور ایثار کی مثال کم ہی ملتی ہے؛ ثریا نے اپنے ذاتی زیورات بیچ کر پروفیسر حسام حر کی کتابیں شائع کروائیں۔ اسی بے لوث محبت اور قربانی کے اعتراف میں پروفیسر حسام حر نے اپنا شعری مجموعہ ’’ثریا‘‘ اپنی مرحومہ شریک ِحیات کے نام منسوب کیا، جو وفاداری اور قدردانی کی ایک لازوال داستان ہے۔ ثریا کی حیات کے دوران ان کا گھر علم و ادب کا گہوارہ بنا رہا، جہاں مسلسل پانچ سال تک ہر پیر کی شام چھ بجے سے رات دو بجے تک شاعروں اور ادیبوں کی باقاعدہ نشست ہوا کرتی تھی۔ ان محفلوں میں کھانے پینے کی تواضع کے ساتھ ساتھ بے لاگ ادبی گفتگو اور تخلیقی تبادلہ خیال ہوتا تھا
یوں ان کے گھر کا ماحول بھی علم و ادب اور تخلیقی سرگرمیوں سے وابستہ رہا۔
اورنگزیب حسام حُر کی ادبی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ انہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو صرف ذاتی شہرت یا ادبی مقام کے حصول تک محدود نہیں رکھا بلکہ اپنی مادری زبان ہندکو کی ترویج، اردو ادب کی خدمت اور نئی نسل کی علمی و ادبی تربیت کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھا۔
ان کی شخصیت میں استاد کی سنجیدگی، محقق کی جستجو، شاعر کی حساسیت اور ادیب کی تخلیقی قوت یکجا دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے اپنی تحریروں اور ادبی سرگرمیوں کے ذریعے پشاور کی تہذیبی و ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی اتنی ہمہ جہت علمی، ادبی اور تنظیمی خدمات کے باوجود پروفیسر حسام حر میں انکساری کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ وہ خود کو بڑا شاعر کہلانے یا کسی بھی ادبی کارنامے پر فخر کرنے سے ہمیشہ گریزاں رہے۔ ان کا تخلیقی عمل بھی انتہائی منفرد اور خود احتسابی پر مبنی تھا؛ وہ کسی بھی نظم، غزل یا مضمون کو لکھنے کے بعد ابتدائی دو دن کے تخلیقی رومانس سے گزرنے کے بعد تیسرے دن اپنی ہی تحریر پر ایک سخت گیر نقاد کی نظر ڈالتے اور اس کی خامیوں کو پرکھتے تھے۔ ان کی شاعری اور نعتیہ کلام میں محض لفظی آرائش نہیں بلکہ اپنے لوگوں، عام انسانوں اور مظلوم عوام کی فریاد اور دکھ درد کو سمونے کا گہرا احساس پایا جاتا تھا
بلاشبہ اورنگزیب حسام حُر جیسے اہلِ قلم کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان کی ادبی خدمات کا اعتراف اور ان کے کام کو نئی نسل تک پہنچانا ہماری علمی اور تہذیبی ذمہ داری ہے۔آخر میں امریکہ میں مقیم عتیق صدیقی کا حسام حر کی رحلت پر پیغام۔۔
اس مرحلے کو موت بھی کہتے ہیں دوستو
اک پل میں ٹوٹ جائیں جہاں عمر بھر کے ساتھ
حسام حر اتنے سچے اور پکے پشوری تھے کہ ہمیشہ دل کے قریب محسوس ہوتے تھے۔ ہندکو زبان کے لیے انہوں نے ادبی رسالے شائع کۓ اور کئ کتابیں لکھیں۔ اردو میں انکی شاعری اور تنقیدی مضامین شعرو ادب سے انکی گہری وابستگی کا پتہ دیتے ہیں۔ انکی بے وقت جدائی اس لیے بھی افسوسناک ہے کہ پشاور ایک سچے، کھرے اور جرات مند قلمکار سے محروم ہو گیا ہے اور ہندکو زبان نے ایک ایسے بے لوث اور مخلص سپوت کو کھو دیا ہےجس نے بغیر کسی طمع اور لالچ کے اپنی ماں بولی کی دل کھول کر خدمت کی۔ آج پشاور بھی سوگوار ہے اور میں بھی بہت رنجیدہ ہوں کہ میرا شہر اجڑتا جا رہا ہے۔ نذیر تبسم اور حسام حر کے بغیر پشاور کی وہ چھب اور رونقیں کیسے رہیں گی جو اسکی پہچان تھیں۔ خدا حافظ دوستو! اللہ تعالی تمہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔