Daily Roshni News

*بیرسٹر امجد ملک کا پیرس میں ’’معرکۂ حق‘‘ تقریب سے خطاب، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ*

*بیرسٹر امجد ملک کا پیرس میں ’’معرکۂ حق‘‘ تقریب سے خطاب، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ*

پیرس فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ ۔۔۔منیر احمد ملک )سمندر پار پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے: بیرسٹر امجد ملک*

   پیرس سے ھمارے بیورو چیف منیر احمد ملک کی رپورٹ۔                  *یومِ تکبیر قومی عزم، خودمختاری اور دفاعی قوت کی علامت ہے: بیرسٹر امجد ملک*(سرخی)

*پیرس فرانس۔ بیرسٹر امجد ملک کا پیرس میں ’’معرکۂ حق‘‘ تقریب سے خطاب*

صوبائی وزیر پنجاب، وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر برائے بین الاقوامی امور بیرسٹر امجد ملک نے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے  ’’معرکۂ حق‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی  تقریب کی صدارت پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد حنیف نے کی ۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جبکہ پاکستان اور فرانس کے قومی ترانے بھی پیش کیے گئے۔اس موقع پر فریضۂ حج کی ادائیگی پر بیرسٹر امجد ملک کو مبارکباد پیش کی گئی۔ تقریب میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی، مسلم لیگ (ن) کے کارکنان، سیاسی و سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) فرانس حاجی محمد حنیف، چیف پیٹرن طلعت چوہان، جنرل سیکرٹری رانا محمود علی خان، یوتھ ونگ کے صدر چوہدری اصغر خان، سرپرست شیخ طارق جاوید، خواتین ونگ کی صدر سلطانہ اصغر، جنرل سیکرٹری سارہ کرن، سینئر رہنما تصور حسین تارڑ، سید خالد جمال شاہ اور دیگر مقررین نے یومِ تکبیر اور ’’معرکۂ حق‘‘ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بیرسٹر امجد ملک کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔اپنے خطاب میں بیرسٹر امجد ملک نے استقبالیہ کمیٹی اور مسلم لیگ (ن) فرانس کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں، تاجروں اور جی ایس پی پلس سے متعلق امور پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی نہ صرف ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی، قومی سلامتی اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا بھرپور دفاع کیا ہے۔ انہوں نے علاقائی صورتحال، سفارتی پیش رفت اور عالمی برادری میں پاکستان کے مثبت کردار پر بھی روشنی ڈالی۔بیرسٹر امجد ملک نے یومِ تکبیر کی تاریخی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998ء پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن دن ہے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی کامیابی کا سہرا سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مقدمات کے فوری اور مؤثر تصفیے کے لیے 37 خصوصی عدالتیں قائم کی جا چکی ہیں۔ ان عدالتوں کے ذریعے اوورسیز پاکستانی اپنے متعلقہ سفارت خانوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی میں شرکت کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جائیدادوں کے تحفظ سے متعلق قانون 2025 کے تحت ایسے معاملات کو چھ ماہ کے اندر نمٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ جائیدادوں، سرمایہ کاری اور دیگر معاملات میں کسی قسم کی بدعنوانی، نااہلی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔بیرسٹر امجد ملک نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانی پنجاب کے 41 اضلاع میں قائم سہولت مراکز، ماہانہ کھلی کچہریوں، آن لائن پورٹلز اور ہیلپ لائنز کے ذریعے اپنی شکایات اور مسائل کے اندراج کی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) فرانس کی قیادت، بالخصوص صدر محمد حنیف اور رانا محمود علی خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں پارٹی اور کمیونٹی کی مؤثر رہنمائی کی ہے۔ اس موقع پر پارٹی میں 50 نئے ارکان کی شمولیت کا خیرمقدم بھی کیا گیا۔بیرسٹر امجد ملک نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کا خصوصی پیغام پہنچاتے ہوئے اتحاد، تنظیم، نظم و ضبط اور باہمی ہم آہنگی کو پارٹی اور قومی استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے مقامی قیادت کی جانب سے تصور حسین تارڑ اور سید خالد جمال شاہ کو پارٹی کے مرکزی دھارے میں مزید فعال کردار دینے کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے لیگل ونگ اور وومن ونگ کی تنظیمِ نو کے حوالے سے بھی عندیہ دیا۔آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے کشمیر کو پاکستان کی ’’شہ رگ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کشمیر کے آئندہ انتخابات کے تناظر میں منفی پروپیگنڈے سے گریز اور اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کے دوران ملی نغمے پیش کیے گئے جبکہ شرکاء کی پرتکلف عشائیے سے تواضع کی گئی۔ میڈیا نمائندگان کی بھرپور شرکت پر ان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا گیا۔تقریب کی نظامت طلعت چوہان نے انجام دی، جبکہ صدر مسلم لیگ (ن) فرانس حاجی محمد حنیف اور جنرل سیکرٹری رانا محمود علی خان نے تمام مہمانوں، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیاـ

Loading