تدبر قرآن
تحریر ۔۔۔۔۔۔۔ محمد اکبر
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ تدبر قرآن۔۔۔ تحریر ۔۔۔۔۔۔۔ محمد اکبر)تدبر قرآن کلاسز کوئی روایتی کلاسز نہیں ہیں
جن میں کوئی صاحب آ کر درس دیں ،
درس کے اختتام پر ہم کاپی کتاب بند کریں ،
دوسرے دن دوسرا درس لیں ، تیسرے دن تیسرا۔
اور مہینے کے بعد ہمارا کورس ختم ہو جائے اور قرآن سے تعلق بھی،
یہ تو امت میں پہلے سے چل رہا ہے۔
ہم تبدیلی چاہتے ہیں،
زندگی کے ہر دن کو قرآن کے مطابق ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں،
معرفت کے سفر میں روح کو اڑانے چاہتے ہیں،
انبیاء کرام علیھم السلام کے چھوڑے گئے اسوہ حسنہ کو ہر تاریک و روشن گھڑی میں جینا چاہتے ہیں،
ایک ایسی امت بننا چاہتے ہیں جس کے قلب و ذہن میں قرآنی اقدار ، قرآنی نور اور قرآنی دستورِ زندگی پیوست ہو۔
ایک ایسا قافلہ بننا چاہتے ہیں جو معاشرے سے برائی مٹانے اور خیر پھیلانے میں اپنا کردار ادا کرنے والا ہو۔
یہ تو زندگی کا سفر ہے،
ہاں! کسی سورت کے اختتام پر عارضی پڑاؤ ڈالیں گے
لیکن پھر چل پڑیں گے۔
ان کلاسز میں ہم جلدی نہیں کریں گے۔
بلکہ ہر آیت میں رُک رُک کر علم اور عمل سیکھیں گے۔
پھر دوسرے دن اس کے نور میں جیئں گے۔
ہم ایک نیا جنم لینے لگے ہیں۔
ایسا جنم جس میں ہمارا زاویہ نگاہ بدلے گا،
دل میں نور آئے گا،
عمل میں استقامت پیدا ہوگی،
ربِ محبت سے تعلق بڑھے گا ،
قرآن کریم کے اسرار و رموز کھلیں گے،
راستہ اور منزل واضح ہوں گے،
کنفویژن ختم ہوگی،
بیماریوں سے شفا ملے گی،
نفس ، نفس مطمئنہ بنے گا،
عقل ، لُب کا درجہ پا لے گی،
زندگی کو لگی گرہیں ختم ہوں گی،
ہر لمحہ پُر مسرت ہو جائے گا،
دکھوں کے باوجود سکون غائب نہیں ہوگا،
اور امید کے چراغ ہمیشہ کےلیے روشن رہیں گے۔
ہمیں سورت ختم کرنے میں جلدی نہیں ہے ،
کیونکہ ہم ان کلاسز میں تدبر کے ذریعے اپنا دل نرم کریں گے۔
وقت آ گیا ہے کہ قرآنی آیات سے دل پسیج جائے،
آنکھیں تر ہو جائیں،
بدن کپکپا اٹھے،
رونگھٹے کھڑے ہو جائیں،
خشوع بڑھنے لگے اور
ربِ محبت کی معرفت کا سفر براستہ صراط مستقیم شروع ہو جائے۔
اَلَمْ یَاْنِ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَنْ تَخْشَعَ قُلُوْبُهُمْ لِذِكْرِ اللّٰهِ وَ مَا نَزَلَ مِنَ الْحَقِّۙ-وَ لَا یَكُوْنُوْا كَالَّذِیْنَ اُوْتُوا الْكِتٰبَ مِنْ قَبْلُ فَطَالَ عَلَیْهِمُ الْاَمَدُ فَقَسَتْ قُلُوْبُهُمْؕ-وَ كَثِیْرٌ مِّنْهُمْ فٰسِقُوْنَ(16)
جو لوگ ایمان لے آئے ہیں، کیا ان کے لیے اب بھی وقت نہیں آیا کہ ان کے دل اللہ کے ذکر کے لیے اور جو حق اترا ہے اس کے لیے پسیج جائیں ؟ اور وہ ان لوگوں کی طرح نہ بنیں جن کو پہلے کتاب دی گئی تھی، پھر ان پر ایک لمبی مدت گزر گئی، اور ان کے دل سخت ہوگئے، اور ( آج) ان میں سے بہت سے نافرمان ہیں ؟ (سورت حدید: 16)
ربِ محبت تمہارے فیصلوں میں برکت ڈالے ، آمین
محمد اکبر
22 جون 2026ء
![]()

