جہاں روشنی ہو
وہاں شک کیسا ؟
تحریر ۔۔۔۔۔۔۔ یاسر احمد
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ جہاں روشنی ہو وہاں شک کیسا ؟۔۔۔ تحریر ۔۔۔۔۔۔۔ یاسر احمد)غور کرو، اللہ نے یہ نہیں کہا یہ کتاب پڑھ لو تو شک دور ہو جائے گا. اللہ نے کہا اس میں شک ہے ہی نہیں. شک تمہارے اندر ہے کتاب کے اندر نہیں. دنیا کی ہر کتاب انسان کو کہتی ہے کہ مجھے پڑھ کر پرکھو، پھر فیصلہ کرو میں سچی ہوں یا نہیں.کتنا بڑا دعویٰ ہے. دنیا میں آج تک کسی لکھنے والے نے اپنی کتاب کے پہلے صفحے پر یہ لکھنے کی ہمت نہیں کی کہ میری کتاب میں کوئی شک نہیں. ہر مصنف آخر میں لکھتا ہے اگر کوئی غلطی ہو تو معاف کر دینا تصحیح کر دینا. کیونکہ انسان ہے، غلطی ہو سکتی ہے. لیکن یہ کتاب انسان نے نہیں لکھی اس لیے اس کا لکھنے والا کہتا ہے شک کرنا ہی چھوڑ دو. یہاں شک کی گنجائش ہی نہیں رکھی گئی. کیونکہ شک وہیں ہوتا ہے جہاں اندھیرا ہو. جہاں روشنی ہو وہاں شک کیسا؟
تمہیں اپنی ماں کی محبت میں شک ہے؟ نہیں. تمہیں سورج کے نکلنے. میں شک ہے؟ نہیں. تو جس نے ماں کے دل میں محبت ڈالی جس نے سورج کو چمک دی اس کی کتاب میں شک کیسا؟
ہم اس کتاب پر شک کیوں کرتے ہیں؟ کیونکہ ہم اسے مُردوں کے لیے پڑھتے ہیں زندوں کے لیے نہیں. ہم اسے قبرستان میں پڑھتے ہیں قبرستان بنے ہوئے دلوں کے لیے نہیں. ہم اسے صرف رمضان المبارک میں کھولتے ہیں جبکہ یہ تو ہر سانس کے لیے اتری ہے. یہ کتاب تمہارے بارے میں ہے. تم کہتے ہو میں گنہگار ہوں اللہ مجھے معاف کرے گا؟ یہ کتاب کہتی ہے میری رحمت مایوس نہ ہو کوئی شک نہیں ہے تم کہتے ہو میں بہت تنہا ہوں کوئی نہیں سننے والا. کتاب کہتی ہے میں تمہاری شہ رگ سے بھی قریب ہوں. َتم کہتے ہو میرے دعا کہاں قبول ہوتی ہے. ہہ کتاب کہتی ہے پکارنے والا جب پکارتا ہے میں سنتا ہوں کوئی شک نہیں.
جس کتاب کا ایک ایک لفظ خود رب نے خود لکھا ہو اس پر شک کیسا؟ شک اپنے نفس پر کرو جو تمہیں ہر روز بہکاتا ہے. اس کتاب کا ایک ایک حروف گواہ ہے کہ چودہ سو سال سے یہ ویسی کی ویسی ہی ہے دنیا کی ہر کتاب میں ایڈیشن آ گیا ترمیم ہو گی لیکن اس میں ایک نقطہ بھی نہیں بدلہ. کیونکہ اس کی حفاظت کا زمہ کسی انسان نے نہیں اللہ نے خود لیا ہے.
اس کتاب پر شک مت کرو یہ واحد رسی ہے جو تمہیں ڈوبنے نہیں دے گی. یہ مت سوچو کہ میری دعا قبول ہو گی یا نہیں یہ کتاب کہتی ہے مجھے پکارو میں قبول کروں گا اس میں کوئی شک نہیں بس ایک بار دل سے یقین کر کے کھول کر تو دیکھو تمہیں لگے گا یہ کتاب نہیں تمہارے رب نے تمہارے نام خط لکھا ہے.
@ یاسر احمد ✍️
![]()

