حوثیوں کا مکہ مکرمہ پر حملے کی ناپاک کوشش، ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا

سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ کے علاقے میں حوثیوں کی جانب سے ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ترجمان عرب اتحاد کے مطابق مکہ مکرمہ کی جانب حوثیوں کے بھیجے گئے ڈرون کو فضا میں تباہ کردیا گیا، سعودی عرب کے مغربی علاقے میں حوثیوں کا کروز میزائل حملہ بھی ناکام بنادیا گیا، حوثیوں کے داغے گئے کروز میزائل کو فضا میں تباہ کردیا گیا۔

ریاض پر داغے گئے حوثیوں کے 2 بیلسٹک میزائل بھی تباہ کردیے گئے، ملبہ رہائشی علاقے میں گرنے سے ایک سعودی شہری زخمی، گھر اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

یہ واقعات سعودی عرب پر حوثیوں کے سرحد پار حملوں کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے، جن میں ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے فوجی تنصیبات، ہوائی اڈوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔